لاہور :(سٹاف رپورٹر) گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاﺅس لاہور میں پیپلز لائرز فورم گوجرانوالہ ڈویژن کے وفدنے صدر پنجاب پی ایل ایف راحیل کامران چیمہ کی قیادت میں ملاقات کی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز لائرز فورم کے وکلا نے حقیقی جمہوریت کی بحالی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کی سول نافرمانی کی تحریک ملک دشمنی کے مترادف ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ مذاکرات کی ٹیبل پر ہر مسئلے کا حل نکل سکتا ہے،آئینی بینچ کے قیام میں چیئرمین بلاول بھٹو کا تاریخی کردار ہے جوکہ شہید بے نظیر بھٹو کے ویژن کی تکمیل ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کی وجہ سے جمہوریت کے خلاف کام کرنے والے سازشی عناصر کا راستہ بند کر دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بھٹو ازم کے منشور کو پنجاب کی ہر وکلا بار میں لے کر جائیں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستانی عوام بلاول بھٹو زرداری کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے وکلاسمیت ہر شخص کو مثبت کردار ادا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی و بیرونی سازشوں کا سامنا ہے جسے مل کر ناکام بنانا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں پاکستان کو مقدم رکھنا ہے کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔
سول نافرمانی کی تحریک ملک دشمنی کے مترادف ہے:گورنر پنجاب

















