ایگری مال کی تعمیر سے کاشتکاروں کو ایک چھت تلے تمام سہولیات دستیاب ہوں گی،کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورورپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید کا زیر تعمیر ایگری مال اور بنیادی مرکز صحت 132/9Lکا دورہ،دونوں منصوبوں پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا،جاری کام کو مقررہ وقت پر مکمل کرنے اور کوالٹی کو برقرار رکھنے کی ہدایت کردی۔

شعیب اقبال سید نے زیر تعمیر ایگری مال کا دورہ کیا اور تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ منصوبہ کو مقررہ ٹائم لائن کے مطابق مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ منصوبہ کی تکمیل سے کاشتکاروں کو ایک ہی چھت تلے تمام سہولیات دستیاب ہونگی۔انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت کاشتکاروں کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کررہی ہے جس میں گرین ٹریکٹرز کی تقسیم،کسان کارڈ کا اجرائ، ٹیوب ویلز کی سولرائزیشن اور ایگری مالز کی تعمیر شامل ہے۔بعدازاں انہوں نے زیر تعمیر بنیادی مرکز صحت 132/9Lکا بھی دورہ کیا۔انہوں نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو علاج معالجے کی سہولیات دستیاب ہوسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

دوسری طرف ساہیوال آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پانچویں 2روزہ ساہیوال ادبی و ثقافتی کانفرنس کے انعقاد کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں جس میں اندرون و بیرون ممالک سے اردو ادب کے مایہ ناز ادیب، محقق اور دانشور شرکت کریں گے۔ یہ کانفرنس 19اور20دسمبر کو جناح ہال میں منعقد ہوگی اور کانفرنس کے اختتام پر شرکاءکو خصوصی طور پر ملکہ ہانس میں وارث شاہ مسجد اور پاک پتن میں بابا فرید گنج شکر کے مزار کا بھی دورہ کرایا جائے گا۔ یہ بات ڈائریکٹر ساہیوال آرٹس کونسل ڈاکٹر سید ریاض ہمدانی نے کمشنر آفس میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس میں کمشنرساہیوال/چیئرمین ساہیوال آرٹس کونسل شعیب اقبال سید کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال کانفرنس کا عنوان ”مصنوعی ذہانت، ادب اور ثقافت“ (مسائل، خطرات اور امکانات) ہے جس پر محققین اپنے مقالہ جات پیش کریں گے۔ کانفرنس کے مختلف سیشنز کی صدارت ممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران احمد شاہ، ارکان صوبائی اسمبلی ملک قاسم ندیم اور محمد ارشد ملک بھی کریں گے۔ کانفرنس کا افتتاح کمشنر ساہیوال شعیب اقبال سید کریں گے جبکہ صدارت ڈاکٹر انوار احمد، ڈاکٹر نجیب جمال اور ڈاکٹر سعادت سعیدکریں گے۔ افتتاحی سیشن میں سابق ڈائریکٹر جنرل اردو سائنس بورڈ لاہور ناصر عباس نیئر کلیدی خطبہ پیش کریں گے جبکہ مہمانان خصوصی میں معروف ڈرامہ نگار اصغر ندیم سید، ڈاکٹر رفعت عباس اور ڈاکٹر روشن ندیم ہونگے۔ افتتاحی کانفرنس کی میزبانی میاں ساجد سی ای او بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز کریں گے جبکہ نظامت کے فرائض اسسٹنٹ پروفیسر اردو حنا جمشید کریں گی۔ اسی طرح دوسرے سیشن کی میزبانی رفاہ یونیورسٹی ساہیوال کیمپس کے سی ای او چوہدری امین کریں گے۔ کانفرنس کیلئے بارانی انسٹیٹیوٹ آف سائنسز،رفاہ یونیورسٹی ساہیوال کیمپس اور یونیورسٹی آف ساہیوال نے خصوصی تعاون کیا ہے جہاں کانفرنس کی متوازی تقریبات منعقد ہونگی۔ ڈاکٹر ریاض حسین ہمدانی نے مزید بتایا کہ کانفرنس کی خاص بات مختلف سیشنز کے درمیان ہڑپہ تہذیب سے متعلق مصوری کی نمائش، اے آئی پراجیکٹس کی نمائش، تاثراتی فلم، اردو کتب کی نمائش، ٹیبلوز، ڈرامہ (ٹیکنالوجی کا سراب)،ماں بولی مشاعرہ، شام موسیقی اور ڈرامہ (اک رات راوی دی) کا انعقاد بھی شامل ہے تاکہ شرکاءکو ساہیوال کی تہذیب و ثقافت سے روشناس کرایا جا سکے۔