اسلام آباد (مشرق نیوز) مخصوص عہدوں کیلئے ریٹائرمنٹ کی عمر میں اضافے پر بحث کے دوران حکومت طویل مدتی پنشن بل کو روکنے کیلئے ریٹائرمنٹ کی اوسط عمر کو 5 سال کم کرکے 55 سال کرنے پر بھی غور کر رہی ہے۔رپورٹ کے مطابق ایک سینئر حکومتی افسر نے بتایا ہے کہ یہ عالمی مالیاتی فنڈ کی پیش کردہ تجاویز میں سے ایک ہے اور وفاقی حکومت فی الوقت اس پر غور کررہی ہے۔
دلچسپ امر یہ ہے کہ وزارت خزانہ نے گزشتہ سال ریٹائرمنٹ کے فوائد کی ادائیگی پر آنے والے اخراجات میں عارضی تاخیر کے لیے ریٹائرمنٹ کی عمر 2 سال بڑھا کر 62 سال کرنے کی تجویز پیش کی تھی تاہم اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس کی مخالفت کی تھی۔
فی الحال، سرکاری ملازمین کو 60 سال کی عمر میں آخری بنیادی تنخواہ کے مساوی یا بعض حالات میں زیادہ سے زیادہ 30 سالہ سروس کی بنیاد پر پنشن دی جاتی ہے۔گزشتہ ہفتے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت ایک اجلاس میں وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پنشن سکیم میں ترمیم سے متعلق 27 مئی اور 13 جون کی ہدایات، مستقبل کے لائحہ عمل اور پے اینڈ پنشن کمیٹی کی رپورٹ پر عملدرآمد نہ ہونے پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
فیصلے پر تاحال عملدرآمد نہیں ہوسکا ہے اور کمیٹی کو آگاہ کیا گیا ہے کہ کئی اسٹیک ہولڈرز سے تفصیلی مشاورت درکار ہونے کے باعث اس میں مزید وقت لگے گا۔ ریٹائرمنٹ کی عمر میں 5 سال کمی کی صورت میں پنشن کی ادائیگی میں کمی لائی جاسکتی ہے ، اس طرح اس فیصلے کو تمام اداروں میں یکساں طور پر نافذ کیا جاتا ہے تو پنشن اخراجات سالانہ 50 ارب روپے تک کم ہو سکتے ہیں۔
حکومت تجویز پر عملدرآمد کی صورت میں پڑنے والے ابتدائی بوجھ کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے مرحلہ وار نفاذ پر غور کرے گی۔ اس سے سرکاری شعبے کے تجربہ کار اور ہنر مند ملازمین کی نجی شعبے میں منتقلی میں بھی سہولت مل سکتی ہے۔
اس وقت وفاقی پنشن بل ایک کھرب روپے سے تجاوز کر چکا ہے جس میں سول اور مسلح افواج کا حصہ بالترتیب 260 ارب روپے اور 750 ارب روپے ہے۔ سالانہ پنشن بل کے بڑھتے ہوئے بہاو کو روکنے کیلئے حکومت نے حال ہی میں مستقبل کے تمام سرکاری ملازمتوں کیلئے شراکت داری پر مبنی پنشن سکیم متعارف کرائی ہے۔
حکومت کا ریٹائرمنٹ کی عمر کم کرکے 55 سال کرنے پر غور

















