کراچی، اسلام آباد (بیورو رپورٹ) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئی تاریخ رقم ہو گئی، انڈیکس نے ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور کرلیا،پی ایس ایکس میں کاروبار کے آغاز ہی سے تیزی کا رجحان رہا جس کے نتیجے میں کے ایس ای 100 انڈیکس نے 790 پوائنٹس کے اضافے سے ایک لاکھ کی سطح عبور کرلی،حکومت کے درست اقدامات کے نتیجے میں ملکی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہونے سے بازار حصص میں 1099 پوائنٹس کی بڑی تیزی دیکھی گئی اور ملکی تاریخ میں پہلی بار انڈیکس کی ایک لاکھ پوائنٹس کی بلند ترین سطح بھی رقم ہوگئی، کے ایس ای 100انڈیکس بڑھ کر ایک لاکھ 479پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح کو چھو گیا،کاروبار کے اختتام پر پاکستان سٹاک ایکسچینج میں 813 پوائنٹس کی تیزی کےساتھ 100 انڈیکس ایک لاکھ 082 پوائنٹس پر پر بند ہوا،معاشی ماہرین کے مطابق پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ریکارڈ ترقی معاشی بہتری کی نوید ہے۔ پاکستان کی معاشی اور اقتصادی پالیسیز درست سمت میں گامزن ہیں۔ اس سے پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آئے گی، دریں اثنا وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور ہونے پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاسٹاک ایکسچینج کا تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک لاکھ پوائنٹس سے تجاوز کرنا حکومتی پالیسیوں پر کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کی عکاسی کرتا ہے،سنگ میل کو عبور کرنے کےلئے حکومتی معاشی ٹیم و دیگر حکام لائق تحسین ہیں،قوم سے عہد کیا تھا ملکی معاشی استحکام اور ملکی ترقی کےلئے ہر ممکن اقدام کروں گا، پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کےلئے اپنی سیاست کی قربانی دی، اللہ کے فضل و کرم سے قربانی رائیگاں نہیں گئی، ملکی استحکام و ترقی کے دشمن ملک کو دوبارہ ڈی ریل کرنے کی مذموم و ناکام کوششیں کر رہے ہیں، ملک میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی ہوئی، شرح سود 15 فیصد اور ترسیلات زر ریکارڈ سطح پر پہنچ چکے ہیں، ملکی ترقی کےلئے یونہی محنت کرتے رہیں گے ،مزید برآں وزیر اعظم شہباز شریف نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کی 26 ویں سکیورٹی ورکشاپ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاصوبائی اور وفاقی حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں، ہم اسے ہرصورت ختم کرکے نجی شعبے کے حوالے کریں گے،سٹاک ایکسچینج کا 1 لاکھ پوائنٹس سے اوپر جانا حکومتی پالیسیوں پرکاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے بھروسے کاعکاس ہے،کاروبار کو نجی شعبے کے حوالے کرنے سے قوم کے کھربوں روپے کی بچت ہوگی، پالیسیز کےلئے وہ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایک پیج پر ہیں،پاکستان درست سمت میں چل پڑا ہے، قومی سلامتی معاشی سلامتی سے جڑی ہے، ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کےلئے اپنی سیاست کی قربانی رائیگاں نہیں گئی، خیبرپختونخوا کو 2010 سے لےکر آج تک 600 ارب روپے جا چکے ہیں لیکن خیبرپختونخوا حکومت اب تک سیف سٹی، سی ٹی ڈی نہیں بنا سکی، سٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر ہے، معیشت درست سمت گامزن ہے، معیشت کی بہتری ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، قومی سلامتی کا براہ راست تعلق معاشی سکیورٹی سے ہے، اسلام آباد میں احتجاج کے دوران سٹاک مارکیٹ تنزلی کی طرف گئی، اب سٹاک مارکیٹ نے ایک لاکھ کے ہندسے کو عبور کر لیا، سٹاک مارکیٹ پوائنٹس ایک لاکھ عبور کرنے پر مبارکباد دیتا ہوں، ماضی میں پاکستان کی معاشی ترقی سست روی کا شکار رہی، دھرنوں، احتجاج کی وجہ سے معیشت کو بھاری نقصان ہوا، معاشی صورتحال کی بہتری کےلئے دن رات کوشاں ہیں، محنت اور لگن سے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنائیں گے،وزیر اعظم نے کہا افواج پاکستان اور عوام نے دہشت گردی کا بہادری سے مقابلہ کیا، نوازشریف کی حکومت میں دہشت گردی پر قابو پا لیا گیا تھا، دہشت گردی کےخلاف جنگ میں 80 ہزار لوگ شہید ہوئے، بدقسمتی سے دہشت گردی کا عفریت پھر سے سر اٹھا رہا ہے، احتجاج کی آڑ میں ہزاروں لوگوں نے اسلام آباد پر لشکر کشی کی، شرپسند مختلف ہتھیاروں کے ساتھ اسلام آباد پر حملہ آور ہوئے، اتحاد سے ہی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو سکتا ہے، بجلی چوری کو روکنے کےلئے وزارت توانائی دن رات کام کر رہی ہے، مانگے تانگے کی زندگی سے کام نہیں چلے گا، ٹیکس چوری کو روکنا ہوگا،شہباز شریف نے کہا عزم استحکام میں بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی جڑی ہوئی ہے، 2018 میں اسمبلی میں چارٹر آف اکانومی سائن کرنے کا کہا تھا، بطور وزیراعظم پھر چارٹر آف اکانومی کا اعادہ کرتا ہوں، غریب قوم کی حالت کو ہم نے بدلنا ہے، ہم سب نے مل کر ملک کی تقدیر کو بدلنا ہے۔
سٹاک مارکیٹ، نئی تاریخ رقم، ایک لاکھ پوائنٹس کا سنگ میل عبور

















