احتجاجی کال پانی کا بلبلہ، کوئی رہائی نہیں ہو رہی:واوڈا

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)آزاد سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے پی ٹی آئی احتجاج کی کال پانی کا بلبلہ ہے، کسی کی کوئی رہائی نہیں ہو رہی۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے کہا پی ٹی آئی کا پرانا ورکر رہ چکا ہوں، کچھ لوگ جیلوں میں بند رہنے والوں کے نام پر پیسہ بناتے ہیں، کوئی لیڈر مقبول ہو جائے تو اس کے قریبی لوگ فائدہ اٹھاتے ہیں، بانی پی ٹی آئی کو جیل میں ڈال کر مراعات لی جارہی ہیں، چاہتا ہوں بانی پی ٹی آئی کی قید کا کوئی فائدہ نہ اٹھائے،ہر ماہ احتجاجی کال کی تاریخ تبدیل ہوتی رہتی ہے، بانی پی ٹی آئی کو بچانے کیلئے اب ان کے پاس کوئی نہیں بچا۔

سابق وفاقی وزیر نے کہاکسی کو کوئی اجازت نہیں دی جائے گی کہ ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے، ہم جذبانی قوم ہیں ،گھاس کھا کر بھی کھڑے رہیں گے، اسمبلیوں کو مداخلت روکنے کیلئے فرنٹ فٹ پر کردار ادا کرنا ہوگا۔