پنجاب فوڈ اتھارٹی کی غفلت یا لاپرواہی، شہری مضر صحت فرائی مچھلی کھانے پر مجبور

لاہور ( خبرنگار) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی لا علمی اور ناقص حکمت عملی کی وجہ سے شہری مضر صحت تیل میں تیار ہونے والی فرائی مچھلی کھانے پر مجبور، غیر معیاری تیل اور بدبو دار مچھلی کے استعمال کے سبب شہریوں کی صحت کو پہنچنے والے ناتلافی نقصان پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نہ صرف خاموش بلکہ انسانی صحت کے دشمنوں کے خلاف کارروائی کے بجائے سیاسی آلہ کار بن چکی ہے اور عوامی مفاد کی پالیسی پر کاربند رہنے کے بجائے سیاسی مفاد کی کارروائیوں کا سہارا لیکر اپنی نااہلی چھپانے کی کوششوںمیں مصروف ہے۔ تفصیلات کے مطابق موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی صوبائی دارالحکومت میں فرائی مچھلی کے کاروبار میں تیزی آ جاتی ہے اور مچھلی کھانے کے شوقینوں کا مچھلی کی دکانوں کی جانب رجحان بڑھتا چلا جاتا ہے جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ناقص تیل میں مضر صحت مچھلی تیار کرنا دکانداروں کا معمول بن جاتا ہے، اسی مناسبت سے کھانے کا کاروبار کرنے کے لئے لوگ لاہور کا انتخاب کرتے دکھائی دیتے ہیںجس کی وجہ سے معیار کو اپنانے کے بجائے مقدار کی جانب دکانداروں کا دھیان زیادہ ہو جاتا ہے تاہم اس صورتحال پر قابو پانے کیلئے جہاں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کڑی نگرانی ہونی چاہیے تھی وہیں یہ ادارہ سیاسی آلہ کار بن کر رہ گیا ہے اور صرف سیاسی ایما پر ہونے والی کارروائیوں میں الجھ چکا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اب پنجاب فوڈ اتھارٹی عوام کے مچھلی کھانے کے رجحان کو دیکھتے ہوئے اپنا فرض عین نبھانے کے بجائے خاموش کھڑی دکھائی دیتی ہے۔