پارلیمانی سفارتکاری عالمی چیلنجز کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان سے سپین کی سینیٹ کے4رکنی وفد نے پنجاب اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی ۔وفد میں سپین کے سینیٹرز ویکنٹ ایزپیٹیراٹ ، نطالیہ اسیرو ، انٹونونیو گتریز اور لوئیس ڈی لا پینا شامل تھے۔ملاقات میں سپین میں پاکستان کے سفیر ظہور احمد اور سیکرٹری جنرل چودھری عامر حبیب بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا کہ سپین کے پارلیمانی وفد کا پنجاب اسمبلی میں پرتپاک خیرمقد م کر تے ہیں، سپین کے پارلیمانی وفد کا دورہ پاکستان اور سپین کے بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے،پارلیمانی وفود کے تبادلے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری عالمی چیلنجز کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی ٹولز کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات کئے گئے ہیں،اب سٹینڈنگ کمیٹیوں کی سماعت ان کیمرہ کی بجائے میڈیا کیلئے اوپن ہیں۔ قانون سازی کا عمل نہایت شفاف اور منظم ہوتا ہے جس میں ہر رکن کی شمولیت کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ یہ سسٹم مختلف موضوعات پر گہری تحقیق اور مباحثے کو فروغ دیتا ہے تاکہ بہترین قوانین بنائے جا سکیں۔سپیکر ملک احمد خان نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے مشترکہ اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے، پاکستانی کمیونٹی اسپین میں دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے، پاکستان اور سپین کو اقتصادی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے کی ضرورت ہے، ثقافتی اور تعلیمی تبادلوں کے ذریعے عوامی روابط کو فروغ دیں گے۔ سپین کے تعاون سے پائیدار ترقی اور اقتصادی استحکام کو فروغ ملے گا۔ پاکستان اور اسپین کے تعلقات مزید گہرا کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔ سپین کے وفد نے کہا کہ پاکستان میں پرتپاک استقبال پر شکرگزار ہیں،پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ پاکستان کے ساتھ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے تعاون کریں گے۔ قابل تجدید توانائی اور زراعت میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام کی مہمان نوازی پر دل کی گہرائیوں سے مشکور ہیں، پاکستان کے ساتھ پارلیمانی تعلقات کو مزید مضبوط کریں گے۔