ننکانہ میں باباگورونانک کی جنم دن تقریبات اختتام پذیر،انتظامیہ کا کردار لائق تحسین ہے: رمیش سنگھ

لاہور، ننکانہ صاحب (سپیشل رپورٹر+ نمائندہ خصوصی) بابا گورونانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات بھوگ اور ارداس کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئیں۔ تفصیلات کے مطابق بابا گورو نانک کے 555 ویں جنم دن کی تقریبات بھوگ اور ارداس کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئی ہیں۔ 3 روز تک جاری رہنے والی تقریبات میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یا تریوں نے مذہبی رسوما ت ادا کیں۔ وفاقی وزیر چوہدری سالک اور صوبائی وزیر اقلیتی امور / پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے مرکزی تقریب میں خصوصی طور پر شرکت کی جبکہ اقلیتی ممبران پنجاب اسمبلی،چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ سید عطاءالرحمن، ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب تسلیم اختر راو، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر، ممبران پاکستان سکھ گوردوارہ کمیٹی سردار ستونت سنگھ، سردار تارا سنگھ، سردار ڈاکٹر ممپال سنگھ، ستونت کور، یو کے، امریکہ، آسٹریلین سنگت اور سکھ کمیونٹی کی بڑی تعداد بھی مرکزی تقریب میں موجود تھی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ کمیونٹی کو بابا گرو نانک جی کے جنم دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب سرکار والوں سکھ یاتریوں نو جی آیا نو۔آج دنیا بھر کی سکھ کمیونٹی کیلئے بہت خوشی کا دن ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو اعزاز جاتا ہے کہ پہلی مرتبہ سکھ کمیونٹی سے صوبائی وزیر بنایا گیا جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز خود بیساکھی کے تہوار میں شریک ہوئیں اور دیوالی کی تقریب میں امن کا دیا جلایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ننکانہ صاحب میں سکیورٹی، خوراک، رہائش، میڈیکل و دیگر بہترین انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کا کردار لائق تحسین ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ اس طرح کی تقریبات بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے میں کلیدی کردار نبھاتی ہیں۔ دریں اثناءضلعی انتظامیہ کی جانب سے نگر کیرتن کے جلوس پر فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔اس سلسلے میں کمشنر لاہور زید بن مقصود کا کہنا ہے کہ سکھ یاتریوں کیلئے سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ تفصیلات کے مطابق کمشنر لاہور زید بن اور آر پی او اطہر اسماعیل کا ننکانہ صاحب کا دورہ، کمشنر لاہور زید بن مقصود نے سکھ یاتریوں و سکھ برادری کو بابا گرونانک کے جنم دن کی مبارکباد دی اور سکھ یاتریوں سے سہولیات کی فراہمی بارے دریافت کیا، سکھ برادری کا بابا گورونانک کے جنم دن پر مثالی انتظامات کرنے پر حکومت اور انتظامیہ کو خراج تحسین کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود اور آر پی او اطہر اسماعیل نے نگر کیرتن کے جلوس کے روٹ کا وزٹ کیا، کمشنر لاہور نے غیر ملکی سکھ یاتریوں اور منتظمین تقریبات سے بھی ملاقات کی۔کمشنر لاہور اور آر پی او نے ڈی سی دفتر میں مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا۔افسران نے سیف سٹی اتھارٹی کے دفتر میں جلوس کی مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ بھی لیا۔ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب محمد تسلیم اختر راو اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید ندیم عباس نے انتظامات بارے بریفنگ دی۔اس موقع پر کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نگر کیرتن کے جلوس پر فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، سکھ یاتریوں کیلئے سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔کمشنر لاہور زید بن مقصود نے کہا کہ گوردوارہ جات سمیت شہر کو خوبصورت روشنیوں سے سجایا گیا ہے۔