منی بجٹ کاخطرہ ٹل گیا،پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی بھی نہیں لگے گا،IMF ،وزارت خزانہ میں اتفاق

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)بڑی پیشرفت،منی بجٹ کاخطرہ ٹل گیا،پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی بھی نہیں لگے گا،آئی ایم ایف ،وزارت خزانہ نے اتفاق کرلیا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن ،معاشی ٹیم میں مذاکرات کے2 دورہوئے ،مقامی قرض پرتفصیلی گفتگو کی گئی،وزارت خزانہ حکام نے مقامی قرض پربریفنگ دی، آئی ایم ایف کی طرف سے مقامی قرض پراعتراض نہیں اٹھایا گیا۔

بریفنگ میں کہا گیاحکومت مقامی قرض کو بتدریج کم کررہی ہے، ادائیگیوں کی مدت بڑھارہے ہیں،آئی ایم ایف مشن کوگراس فنانسنگ ، ڈیبٹ میچورٹی، حکومتی سطح پرڈیجٹلائزیشن، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اقدامات کے بعد ریونیو وصولیوں میں بہتری پربھی بریفنگ دی گئی۔

حکام نے دعویٰ کیا کوئی منی بجٹ آئے گا نہ پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی لگایا جائےگا،12ہزار 970ارب کا سالانہ ٹیکس ہدف برقرار رہے گا،آئی ایم ایف نے ٹیکس محصولات پر اطمینان کا اظہار کیا، ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 8.8 سے بڑھ کر 10.3 فیصد ہوگئی۔

ایف بی آر کے مطابق آئی ایم ایف ٹیکس ٹو جی ڈی پی میں 1.5 فیصد بہتری پر مطمئن ہے، زرعی آمدن پر ٹیکس وصولی اگلے سال سے شروع ہو جائے گی، آئی ایم ایف کےساتھ ابھی مزید مذاکرات ہوں گے، تاجر دوست سکیم میں کچھ تبدیلیوں پر بات چیت متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق 3ماہ میں ریٹیلرز سے 12 ارب ٹیکس جمع کیا گیا، 4لاکھ نئے تاجروں نے ٹیکس گوشوارے جمع کرا دئیے ، رجسٹرڈ تاجروں کی تعداد 2 لاکھ سے بڑھ کر 6 لاکھ تک جاپہنچی،ذرائع کے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن سے انفورسمنٹ واپس لے لی گئی البتہ کسٹمز انٹیلی جنس ڈیپارٹمنٹ برقرار ہے،فیڈرل بورڈ آف ریونیو جلد فیملی انکم ٹیکس ریٹرن بھی متعارف کرانے جارہا ہے ،بڑی تعداد میں زیرو ٹیکس کےساتھ جمع کرائی گئی انکم ٹیکس ریٹرنز ختم کردی جائیں گی کیونکہ زیادہ لوگ وہ ہیں جو ٹیکس اہلیت کے زمرے میں نہیں آتے۔

ترمیمی ٹیکس قوانین پرآرڈیننس منظوری کےلئے وزیراعظم کو بھجوادیا گیا ،منظوری کے بعد وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت کے دستخط کے بعد جلد جاری ہوجائے گا،ذرائع کے مطابق کمپنیوں کے سیلز ٹیکس چوری یا ان پٹ ٹیکس ایڈجسٹمنٹ کے غلط استعمال میں ملوث پائے جانے پر ٹیکس چوری میں ملوث مزید کمپنیوں کے چیف فنانشل افسروں کی گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی،آئی ایم ایف نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی کارکردگی پراظہار اطمینان کیا۔


دریں اثنا بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے پنجاب حکومت کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کردیا، ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف جائزہ مشن سے وفاقی صوبوں میں نیشنل مالیاتی معاہدے سمیت دیگر اہم امور پر مذاکرات میں صوبائی حکومتوں کے نمائندے شریک ہوئے۔

حکام کو بریفنگ میں بتایا گیا پنجاب کا بجٹ حقیقت میں سرپلس ہے، حکومت کے پاس 200ارب سے زائد پڑے تھے ، ٹی بلز میں انویسٹ کیا گیا،ٹی بلز میں انویسٹ کیے جانے والے 200ارب اگرچہ حکومت پنجاب کے اکاونٹ میں ظاہر نہیں ہوتے مگر حقیقت میں رقم پنجاب کی ہے جو بجٹ سرپلس کو ظاہر کرتی ہے، پنجاب کے پاس گندم کے ذخائربھی موجود ہیں ،تقریباً تمام ادائیگیاں کردیں، گندم کے صرف 125 ارب ادا کرنے ہیں ،گندم کے ذخائر بھی بجٹ سرپلس کی مد میں آتے ہیں۔

مزید برآں آئی ایم ایف نے پاور سیکٹر کی جانب سے ریکوریاں بہتر کرانے کی یقین دہائی پر رپورٹ طلب کر لی،ذرائع کے مطابق سرکولر ڈیٹ میں رواں مالی سال 250 ارب اضافہ ہونا ہے، 150 ارب سے زائد خصوصی سبسڈی کے ذریعے ایڈ کیے جائیں گے، سبسڈی کے بعد گردشی قرضے میں 90 ارب سے زائد کا اضافہ ہو گا،آئی ایم ایف نے استفسار کیا خصوصی سبسڈی رقم کو کہاں سے مینیج کیا جائے گا؟ جواب دیا گیا بجلی کی ریکوری بہتر بنائی جائے گی، گردشی قرضے میں 250 ارب کا اضافہ ہونا تھا، خصوصی سبسڈی دینے کی وجہ سرکولر ڈیٹ کے سٹاک میں مزید اضافہ نہ ہونا ہے۔