چینی آئی پی پیز بڑے سرمایہ کار ،سی پیک فیز ٹو آگے بڑھائیں گے،اورنگزیب

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وفاقی وزرا نے کہاہے معیشت مثبت سمت گامزن،روپیہ مستحکم،زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں اضافہ،چینی آئی پی پیز پاکستان میں بڑے سرمایہ کار ہیں۔

چائنہ چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ اورنگزیب نے کہاچین توانائی شعبے میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے اور چینی آئی پی پیز پاکستان میں بڑے سرمایہ کار ہیں، چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری قابل تحسین ہے۔

سینیٹر اورنگزیب نے کہا چین کی ترقی دنیا کےلئے مثال ہے ،سی پیک فیز ٹو کو آگے بڑھانے کےلئے پرعزم ہیں،معیشت مثبت سمت گامزن ہے ،جلد معاشی استحکام آئے گا،پچھلے چند ماہ میں پاکستانی کرنسی میں استحکام آیا ، زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں اضافہ ہوا ،سی پیک کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، پاکستان ،چین کی سٹریٹجک شراکت داری قابل تحسین ہے۔

وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے کہا پاکستان ،چین کی دوستی دہائیوں پر محیط اورنسل در نسل آگے منتقل ہو رہی ہے، دونوں ممالک کے عوام کا ایک دوسرے سے جذباتی لگاﺅہے، چین نے ہر اچھے برے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا،سی پیک دونوں ملکوں کی قربت ،مثالی دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

عطا تارڑ نے کہادونوں ممالک سی پیک کے اگلے مرحلے کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، سی پیک پاکستان ،چین ہی نہیں پورے خطے کی خوشحالی کا منصوبہ ہے، سی پیک کے تحت توانائی منصوبے لگائے گئے، ملکی معاشی بہتری میں چین کا اہم کردار ہے۔