ساہیوال(چوہدری اشرف سے)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی نوجوانوں کو بامقصد تعلیم فراہم کرنے اور ہنر سکھائے بغیر ممکن نہیں۔ جن قوموں نے بھی دنیا میں ترقی کی انہوں نے سب سے پہلے اپنی نوجوان نسل کو فنی تعلیم سے آراستہ کیا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ وقت کے تقاضوں کے مطابق نوجوانوں کو ای کامرس کی طرف راغب کیا جائے۔ انہوں نے یہ بات اپنے دورہ ساہیوال کے دوران نواحی گا¶ں 57/5L میں ”سکل فار آل پروگرام“ کے تحت ایک سنٹر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو یونیورسٹی آف ساہیوال کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کے سربراہ ڈاکٹر شفیق حسین نے قائم کیا ہے تاکہ علاقے کے نوجوانوں کو گھر بیٹھے تعلیم فراہم کی جاسکے۔ تقریب میں علاقہ معززین کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ موجودہ چیلنجنگ دور میں ہنر ہی قوموں کی بقاءکا واحد راستہ ہے اور ہندوستان نے اپنے نوجوانوں کو کمپیوٹر میں تعلیم دیکر ہی دنیا کی ایک مضبوط معیشت کا درجہ حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور فرسٹریشن سے بچا¶ کیلئے ضروری ہے کہ وہ ایسی تعلیم حاصل کریں جس سے وہ گھر بیٹھے بھی روزگار حاصل کرسکیں۔ اس سے پہلے اپنے خطبہ استقبالیہ میں ڈاکٹر شفیق حسین نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت نوجوانوں کو آن لائن ایسے پروگراموں میں تربیت فراہم کی جائے گی جن کی مارکیٹ ڈیمانڈ ہے اور انہیں کسی کالج و یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرنے کی بھی ضرورت نہیں۔ انہوں نے شہدا کے بچوں، یتیم بچوں اور بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے مالی مدد حاصل کرنے والوں کے بچوں کو یہ کورسز مفت کرانے کا بھی اعلان کیا۔
نوجوانوں کو بامقصد تعلیم اور ہنر سکھائے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں: گورنر پنجاب

















