ساہیوال(چوہدری اشرف سے)ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی نے ساہیوال کیلئے دو میگا پراجیکٹس تجویز کر دیئے،ساہیوال میں 200،200 بیڈز کا مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کا قیام اور ساہیوال تا سمندری 53 کلو میٹرکے ایڈیشنل کیرج وے کی تعمیر تجویز کی گئی ہیں۔ یہ تجاویزممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران شاہ کی زیر صدارت کمیٹی کے اجلاس میں منظور کی گئیں۔ اجلاس میں ارکان اسمبلی ملک قاسم ندیم،ملک محمد ارشد،پیر ولایت شاہ کھگہ، نوید اسلم لودھی ایڈوکیٹ اوررانا ریاض احمد خاں سمیت ڈپٹی کمشنر صائمہ علی،پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج پروفیسر عمران حسن خان اور ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر نثار احمد سعیدی نے بھی شر کت کی۔ مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال کی تعمیر کا ابتدائی تخمینہ 13ارب روپے سے زائد جبکہ ایڈیشنل کیرج وے کی تعمیر پر لاگت کا ابتدائی تخمینہ 20ارب روپے لگایا گیاہے۔ کمیٹی کے کنوینر اور ممبر قومی اسمبلی پیر سید عمران شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز ساہیوال کی ترقی میں ذاتی دلچسپی لے رہی ہیں اور انہیں کی ہدایت پر یہ دونوں منصوبے تجویز کئے گئے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ان دونوں میگا پراجیکٹس کی تعمیر سے شہریوں کے دیرینہ مسائل حل ہونگے۔ پیر عمران احمد شاہ نے بتایا کہ سمندری کے قریب موٹر وے پر انٹر چینج بھی تعمیر کی تجویزبھی زیر غور ہے، انہوں نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ گیمبر فلائی اوور کی تعمیر بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔اجلاس میں ممبر صوبائی اسمبلی قاسم ندیم نے ساہیوال میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام کی تجویز بھی دی۔ پرنسپل ساہیوال میڈیکل کالج ڈاکٹر عمران حسن خان نے اجلاس کو بتایا کہ کارڈیالوجی سنٹر مارچ میں مکمل فنکشنل ہوجائیگا جبکہ ایم ایس ڈاکٹر نثار احمد سعیدی نے کہا کہ سنٹر فنکشنل کرنے کیلئے مزید ایک ارب 70 کروڑ روپے کی فوری ضرورت ہے۔اجلاس میں ارکان اسمبلی نے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے تجاویز بھی دیں جس پر ڈپٹی کمشنر صائمہ علی نے یقین دلایا کہ ان کی تمام تجاویز پر عملدر آمد یقینی بنایا جائیگا۔
ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی اجلاس، ساہیوال کیلئے 2 میگا پراجیکٹس تجویز، ارکان اسمبلی کا عوامی مسائل حل کرنیکا مطالبہ

















