اسلام آباد :(بیورورپورٹ)مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کا فیصلہ مفروضوں پر مبنی ہے،تشریح کی آڑ میں آئین دوبارہ نہیں لکھا جاسکتا، الیکشن کمیشن نے 14 ستمبر کی وضاحت چیلنج کرتے ہوئے نظرثانی درخواست دائر کردی۔
ای سی پی نے موقف اختیار کیا گیاعدالتی فیصلے پر تاخیر کا ذمہ دار الیکشن کمیشن نہیں،12 جولائی کے فیصلے کی وضاحت 25 جولائی کو کی گئی،سپریم کورٹ نے 14 ستمبر کو آرڈر جاری کیا، پی ٹی آئی کی دستاویز پر نوٹس کیا نہ جواب مانگا،الیکشن کمیشن کی وضاحت درخواست کے بعد پارلیمنٹ نے قانون سازی کر دی ،سپریم کورٹ 14 ستمبر کی وضاحت پر نظر ثانی کرے۔
الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ سے فیصلے پر عملدرآمد روکنے کی استدعا کرتے ہوئے کہانظرثانی درخواست پر فیصلہ ہونے تک حکم امتناع دیا جائے،عدالت عظمیٰ کا فیصلہ مفروضوں پر مبنی ہے ،تشریح کی آڑ میں آئین کو دوبارہ نہیں لکھا جاسکتا۔
درخواست میں کہا گیاعدالت نے تفصیلی فیصلے میں اپنے 12 جولائی کے احکامات سے انحراف کرکے14اراکین کو پی ٹی آئی تک محدود کردیا، آزاد اراکین کی سیاسی جماعت میں شمولیت کی معیاد 3دن ہے،سپریم کورٹ نے اراکین کو 15 دن دےکر آئین کے الفاظ کو بدل دیا، آزاد ممبران نے سنی اتحاد کونسل میں شمولیت کے بیان حلفی جمع کرائے، عدالتی فیصلے میں بیان حلفیوں کو مکمل نظر انداز کردیا گیا۔
الیکشن کمیشن نے کہا بیرسٹر گوہر کے سرٹیفکیٹ درست بھی مان لیں تو پی ٹی آئی اراکین کی تعداد 39 نہیں بنتی، امیداروں کی جانب سے سیکشن 66 کے تحت پارٹی وابستگی کے ڈکلیئریشن جمع نہیں کرائے گئے،رولز 94 انتخابی نشان والی سیاسی جماعت کےلئے ہے، تحریک انصاف نے ججز چیمبر میں جو دستاویزات جمع کرائیں وہ کبھی اوپن کورٹ میں پیش نہیں کی گئیں،درخواست میں کہا گیاپی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں کا ریلیف نہیں دیا جا سکتا، تحریک انصاف نے کسی فورم پر اپنے حق کا دعویٰ نہیں کیا،سپریم کورٹ فل کورٹ کا فیصلہ ہے دعویٰ نہ کرنے والے کو ریلیف نہیں دیا جا سکتا۔
مخصوص نشستیں، فیصلہ مفروضوں پر مبنی، آئین دوبارہ نہیں لکھا جاسکتا،ای سی پی

















