گورنر راج آئینی آپشن،2 پنجرے خالی ہیں،فیصل کریم کنڈی

کراچی:(بیورورپورٹ) گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے گورنر راج آئینی آپشن ہے،2 پنجرے خالی ہیں،صوبے سے فوج نکل گئی تو صوبائی حکومت امن کنٹرول نہیں کر سکتی۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ گنڈا پور کو تنقید کانشانہ بناتے ہوئے کہاناچنے والے گھوڑے میدان میں نہیں دوڑتے،میثاق جمہوریت میں آئینی عدالت کے قیام کامعاہدہ تھا، پارلیمنٹ کی مدت مکمل ہوجاتی ہے، ٹریبونلز کی کارروائی مکمل نہیں ہوتی، پچھلے ڈپٹی سپیکر کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں لکھا جائے گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا خیبرپختونخوا کا جنوبی علاقہ نوگو ایریا بن گیا،حکومتی رٹ ختم ہو چکی ، 600 ارب خیبر پختونخوا میں آئے ،کہاں خرچ ہوئے؟ پولیس بے سروسامانی کی حالت میں جنگ لڑ رہی ہے،صدر ،وزیر اعظم کو صوبے کی صورتحال سے آگاہ کیا، مرض اتنا بڑا نہیں علاج نہ ہو سکے، کچھ دن اور گزر گئے تو خدا نخواستہ مرض لاعلاج نہ ہو جائے، سیاسی یتیموں کو سیاسی شہید نہیں بننے دونگا،فوج پختونخوا سے نکل گئی تو صوبائی حکومت امن کنٹرول نہیں کر سکتی، دن کی روشنی میں ڈھونڈ کر سرکاری افسروں کو اغوا کیا جاتا ہے،پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس فوری بلایا جائے،اپنے صوبے کو افغانستان کا حصہ قطعی نہیں ہونے دیں گے۔