ایٹمی طاقت ، روز قرض درخواستوں سے اہمیت کم ،پاﺅں پر کھڑا ہونا ہوگا،وزیراعظم

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے آئی ایم ایف پروگرام پر دوست ممالک نے پھربھائیوں والاساتھ دیا ،ایٹمی طاقت ہیں، روز روز قرض کی درخواستوں سے اہمیت کم ہوتی ہے،اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونا ہوگا،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہاکابینہ اجلاس کا آغاز پالیسی ریٹ میں کمی کی اچھی خبر سے ہو رہا ہے، پالیسی ریٹ 2 فیصد کم ہو کر 17.5 فیصد پر آ گیا ،کاروبار، زراعت اور قومی معیشت کو فائدہ پہنچے گا،دعاہے افراط زر کی طرح پالیسی ریٹ بھی سنگل ڈیجٹ میں آ جائے، معیشت کو چار چاند لگیں گے۔

وزیراعظم نے کہاقدم بقدم بہتری آ رہی ہے ،مسلسل آہستہ بھاگنے والا ہی ریس جیتتا ہے کے مصداق پالیسی ریٹ میں 2 فیصد کی کمی اچھی خاصی کمی ہے،صنعت، سرمایہ کاری، تجارت، برآمدات، زراعت سب میں بے پناہ فائدہ ہوگا،پوری کوشش کرکے آئی ایم ایف کےساتھ گفتگو کو اچھے طریقہ سے آگے بڑھا رہے ہیں،پروگرام طے ہونے کے بعدشرح نمو میں اضافے کےلئے اقدامات اٹھائیں گے، پاور سیکٹر ،ایف بی آر میں اصلاحات متعارف کرائی جا رہی ہیں، ایف بی آر میں بے پناہ اقدامات کی ضرورت ہے، چیئرمین ایف بی آر کو بہتری کےلئے وقت دے رہے ہیں، ملاقات کروں گا تاکہ اہداف کا تعین کیا جا سکے۔

شہبازشریف نے کہادوست ممالک نے پھر تاریخ کو دہرایا، آئی ایم ایف پروگرام پر دوست ممالک نے پھربھائیوں والاساتھ دیا،معاملات اس طرح نہیں چل سکتے، قرضوں سے جان چھڑانی ،اپنے پاو¿ں پر کھڑا ہونا ہوگا، ایٹمی قوت ہیں ،ہر روز قرضوں کی درخواستوں سے اہمیت میں کمی ہوتی ہے۔

وزیراعظم نے کہافلسطین میں اسرائیل کی بربریت اور قتل و غارت جاری ہے، نہتے و معصوم لوگوں کو شہید کیا جانا انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب اورعالمی خاموشی افسوسناک ہے،اسرائیل نے تمام قر اردادوں کو ردی کی ٹوکری میں ڈال دیا ،اقوام متحدہ کے ریلیف کارکنوں کو بھی قتل کر دیا گیا اگر کسی اور ملک میں ایسا ہوتا تو کہرام مچ جاتا،معاملہ اب مذمت سے آگے نکل چکا، عالمی ضمیر کو جاگ کر اپنا فرض ادا کرنا چاہئے۔

دریں اثنا انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے سیکرٹری جنرل آرسینیو انتونیو ڈومنگیوز ویلاسکو سے ملاقات میںوزیراعظم شہباز شریف نے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کےساتھ تعاون کو مضبوط بنانے کےلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا حکومت بلیو اکانومی کو اقتصادی ترقی کی حکمت عملی کے مرکزی ستون کے طور پر ترجیح دے رہی ہے،کوششوں و بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے دنیا کے سمندری نقشے پر پاکستان کی اہمیت مزید بڑھے گی۔

مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،نوید قمر نے ملاقات کی،وفاقی حکومت کے سندھ میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور وفاق و صوبے کے تعاون سے جاری عوامی مفاد کے منصوبوں پر پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شہباز شریف سے اراکین قومی اسمبلی ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی، چودھری افتخار نذیر، رانا ارادت شریف، واجا پلین بلوچ، رانا حیات اور شیخ آفتاب احمد بھی ملے، اراکین قومی اسمبلی نے ملک میں حالیہ معاشی استحکام پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی ترقی اور عوامی فلاح وبہبود کی خاطر کئے جانےوالے اقدامات میں مکمل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا، خیبرپختونخوا سے ن لیگ کے پارلیمانی وفد نے ملاقات میں وزیراعظم کو خیبر پختونخوا میں جاری مختلف شعبوں کے ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت سے آگاہ کرنے کےساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے 59ویں یومِ شہادت پر میجر راجہ عزیز بھٹی نشان حیدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہامیجر راجہ عزیز بھٹی شہید جرات و بہادری کا نشان بن کر عددی برتری کے نشے میں چور دشمن اور لاہور کے درمیان سیسہ پلائی دیوار کی مانند ڈٹ کر کھڑے رہے،ستمبر 1965 کی جنگ میں اپنی جرات و شجاعت سے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا،مجھ سمیت پوری قوم میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشان حیدر اور ملکی دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہر جوان کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔