جب تک شکیب الحسن مجرم قرار نہیں پاتے کھیلتے رہیں گے: بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ

ڈھاکہ (مشرق نیوز) بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے آل راو¿نڈر شکیب الحسن پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کیلئے ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن کو وطن واپس نہیں بلایا جائے گا، جب تک وہ مجرم قرار نہیں پاتے کھیلتے رہیں گے۔بی سی بی سے مطالبہ کیا گیا تھا کہ قتل کے کیس میں نامزد ہونے پر شکیب الحسن پر پابندی لگائی جائے جبکہ مقدمے میں نامزد ہونے کے بعد بی سی بی کو لیگل نوٹس بھی بھجوایا گیا تھا۔ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے صدر فاروق احمد کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن کھیلتے رہیں گے، لیگل نوٹس موصول ہو گیا ہے، جواب دیا ہے کہ وہ ابھی کھیل جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ ابھی ایف آئی آر درج ہوئی ہے اور ابتدائی مرحلے میں ہے، بہت کچھ ہونا باقی ہے، جب تک جرم ثابت نہ ہو جائے وہ کھیلیں گے۔فاروق احمد کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش نے پاکستان کے بعد بھارت جانا ہے، ہم چاہتے ہیں وہ سیریز بھی کھیلیں، شکیب الحسن ہمارا کنٹریکٹڈ کھلاڑی ہے، ہم قانونی معاونت کریں گے۔