اسلام آباد (بیورو رپورٹ) ملک بھر کی تاجر تنظیموں نے آج مکمل شٹر ڈاﺅن کا اعلان کر دیا،حکومت کےساتھ مذاکرات کے کسی ڈرامہ میںتاجر شریک نہیں ہیں،ہڑتال عوامی ریفرنڈم ثابت ہو گی،پاکستان کا تاجر بہت سی قربانیاں دے چکا ،اب پاکستان کے اشرفیہ کو قربانی دینی ہو گی،حکمرانوں کی عیاشیوں کیلئے ٹیکس نہیں دینگے، نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدرکاشف چودھری، آل پاکستان نانبائی ایسوسی ایشن کے صدر شفیق قریشی، اسلام آبادجنرل نانبائی ایسوسی ایشن کے صدر جہانگیر عباسی، سینئر نائب صدر سردار توثیر ، سیکرٹری جنرل مظلوم مغل، تنویر احمد، صدر آل پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن شیخ جاوید،ملک رضوان، افتخار عباسی و دیگر نے کہا آج کی ہڑتال کے حوالے سے غلط فہمی پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے،ملک بھر کے تاجر یہ واضح کرتے ہیں کہ کوئی بھی تاجر نمائندہ ایف بی آر کیساتھ مذاکرات نہیں کر رہا ہے،ملک کی دونوں بڑی تاجر تنظیموں نے16 اگست کو ملک بھر میں شٹر ڈاﺅن کا اعلان کیا تھا حکومت اگر سنجیدہ ہوتی تو اس کے پاس مذاکرات کیلئے 12 دن تھے، تاجروں نے حکومت سے بہت مذاکرات کی کوشش کی جو ناکامیاب ہوئے، حکومت کی طفل تسلیوں اور جھوٹے وعدوں کو خوب سمجھتے ہیں،حکومت نے تاجروں کو دھمکیوں اور نوٹسز کے ذریعے دبانے اور ڈرانے کی کوشش کی جس میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا، اس وقت ملک بھر کے تاجر متحد ہیں،پاکستان کا تاجر بہت سی قربانیاں دے چکا،اب پاکستان کے اشرفیہ کو قربانی دینی ہو گی،اشرفیہ کی جائیداد فروخت کرکے ملک کا قرضہ اداکرنا ہو گا،ملک کے تاجر امن کی بحالی کیلئے ہڑتال کر رہے ہیں،یہ صرف تاجروں کی ہڑتال ہے ،کسی سیاسی جماعت کا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
ظالمانہ ٹیکسوں کیخلاف آج ملک گیر شٹر ڈاﺅن، ہڑتال عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگی: تاجر تنظیمیں

















