کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے بلوچستان میں کسی آپریشن کی ضرورت نہیں، دہشت گرد ایک ایس ایچ او کی مار ہیں،کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کےساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا یہاں آنے کا مطلب ہے ہم وزیراعلیٰ بلوچستان کی پشت پر کھڑے ہیں، بلوچستان کی صورتحال پر سب یکجا ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان جو بھی سپورٹ مانگ رہے ہیں ہم پورا تعاون کریں گے،جو کچھ کل اور پرسوں ہوا ہم سب غمگین ہیں، ایسے دہشتگردی کے واقعات قابل برداشت نہیں ہیں، ہم مل کر ایسے عناصر کا سد باب کریں گے، جو یہ سمجھتے ہیں ہمیں ڈرایا جائے گا ان کو جلد جواب ملے گا، دہشتگردوں نے چھپ کر حملہ کیا ہے،سامنے آکر مقابلہ کرتے،کسی آپریشن کی ضرورت نہیں یہ ایک ایس ایچ او کی مار ہیں، دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا ہماری فورسز جانتی ہیں، شرپسند عناصر آدھا کلو میٹر کا انتخاب کرتے ہیں،چھپ کر حملہ کرتے ہیں اور بھاگ جاتے ہیں،محسن نقوی نے مزید کہا ہمیں ان کے پیچھے جانا ہے جو ان کی پشت پر سب پلان کرتے ہیں، آئندہ دنوں میں دیکھیں گے ان کا سب کا بندوبست ہوگا،وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا پورے بلوچستان کی فضا سوگوار ہے، پورے بلوچستان کے لوگ دکھی ہیں، بربریت کے ساتھ معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا یہاں آنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، دہشت گرد ہماری سوسائٹی میں رہ رہے ہیں، دہشت گرد ٹارگٹ کو ڈھونڈتے ہیں اور بسوں سے اتار کر ماردیتے ہیں، ہمیں ان کے خاتمے کیلئے کوئی بھی قیمت ادا کرنا پڑی تو کریں گے۔
بلوچستان میں آپریشن کی ضرورت نہیں، دہشت گرد ایک ایس ایچ او کا مار ہیں: محسن نقوی
















