تاجر دوست سکیم پر تحفظات. ایف بی آر نے وفد کو ملاقات کیلئے بلا لیا

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) تاجر دوست سکیم اور بجلی کے بلوں میں اضافے کےخلاف احتجاج کے معاملے میں ایف بی آر نے تاجروں سے رابطہ کرلیا ،آج بات چیت کی دعوت دےدی،ذرائع کے مطابق ایف بی آر کے ممبران لینڈ ریونیو آپریشنز کا تاجروں کے نمائندوں سے رابطہ ہوا ، تاجر نمائندوں اور ایف بی آر حکام کے درمیان آج ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں مذاکرات کا امکان ہے جس میں ایف بی آر نے تاجروں کے تمام حقیقی مطالبات کو قبول کرنے کا فیصلہ ہے، ذرائع کے مطابق تاجر دوست سکیم کے نوٹی فکیشن میں بھی ترمیم کا امکان ہے،تاجروں نے ٹیکس پالیسیوں کےخلاف 28 اگست کو ملک گیر شٹر ڈاون ہڑتال کی کال دے رکھی ہے، تاجر رہنماوں کاشف چودھری اور اجمل بلوچ نے سکیم کو مسترد کردیا ہے، ایف بی آر نے 32 لاکھ کے ہدف کے مقابلے میں تاجر دوست سکیم کے تحت 58,000 تاجروں کو رجسٹرڈ کیا ہے،تاجر رہنما کاشف چودھری نے کہا ایف بی آر کو اپنے مطالبات سے آگاہ کر دیا ہے، ایف بی آر کی جانب سے لچک کا مظاہرہ کرنے پرہی مذاکرات میں جائیں گے ، بے مقصد مذاکرات میں جانے کا کوئی فائدہ نہیں، ویڈیو پیغام میں کاشف چودھری نے کہا تاجر دوست سکیم اور بجلی کے بلوں پر لگائے ٹیکسز کے خاتمے کے نوٹی فکیشن کے بغیر کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے،جنرل سیکرٹری مرکزی تنظیم تاجران پاکستان سید عبدالقیوم آغا نے بھی بیان پر قائم رہتے ہوئے کہا ہے 28 اگست کو ملک گیر ہڑتال ہوگی۔