’اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں“، مریم نواز

لاہور:(اپنے رپورٹر سے)’اس پرچم کے سائے تلے ہم ایک ہیں“، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے منیارٹی ڈے پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا منیارٹی سے تعلق رکھنے والے پنجاب کے ہربھائی ،بہن کو سلام پیش کرتی ہوں، قائد اعظم نے ہر شہری کو اپنی عبادت گاہ میں جانے کےلئے آزاد قرار دیا،مساوت، رواداری اور برداشت جمہوریت کی بہترین تعریف ہے، پاکستان میں مذہب، ذات اور مسلک سے بالاتر ہر شہری برا بر ہے، سب ایک ہی گلدستے کے خوش رنگ و خوش نما پھول ہیں ، پاکستان سب کا ہے اور سب کے لئے جنت ارضی کے مترادف ہے۔

مریم نوازنے کہا قائداعظم کے ویژن کے مطابق پنجاب میں اقلیتوں کو مساوی حقوق حاصل ، اقلیتی برادریوں کے تمام بھائی وربہنوں کو تعلیم ،روزگار کے مساوی مواقع میسر ہیں ،میں نے پہلی تقریر کے روڈ میپ میں اقلیتوں کو سر کا تاج قراردیا، ایسٹر پر مریم آباد کے چرچ میں مسیحی برادری سے مل کر ایسٹر کا تہوار منایا اور10ہزار مسیحی خاندانوں کو عیدی دی، وساکھی پر کرتاپور جا کر گندم کاٹی ، سنگت کا لنگر کھایا، پنجاب کو دنیا بھر میں سکھ آنند کارج میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ ہونے کااعزاز ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا ہندو میرج ایکٹ اور کرسچن پرسنل لاز پر کام جاری ہے ،جلد اسمبلی میں لائیں گے،پہلی مرتبہ مینارٹیز گرانٹ کےلئے پنجاب میں 3ارب 66کروڑ روپے کا ریکارڈ بجٹ مختص کیا گیا،محکمہ اقلیتی امور کا ترقیاتی بجٹ 4000ملین اور اقلیتی ترقیاتی فنڈ 2500ملین مقرر کیا گیا، اقلیتی برادری کے 1100 طلبہ کو 30 ملین کے سکالرشپ دئیے گئے ، اقلیتی نوجوانوں کےلئے سرکاری ملازمتوں ، تعلیمی اداروں میں خصوصی کوٹہ یقینی بنا جارہاہے،فیصل آباد مسیحی سینٹری ورکر کی ہلاکت پر نوازشریف کے ہمراہ افسوس کےلئے گھر گئی ، وزیر اعلیٰ آفس سمیت تمام سرکاری دفاتر میں متعدد مسیحی افسر و اہلکارمحنت سے کام کررہے ہیں ۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے نہم کے رزلٹ میں پنجاب بھر میں سب سے زیادہ نمبر لینے والی ملتان کی ہونہار طالبہ فاطمہ سعید کو مبارکباددیتے ہوئے محنت کو سراہا اورنیک خواہشات کااظہارکیا ،مریم نواز نے کہا فاطمہ سعید جیسے طلبہ قوم کا سرمایہ و روشن مستقبل ہیں،بچوں کی کامیابی پر دلی خوشی ہوتی ہے،ہر طالبعلم میرے لئے بیٹے اور ہر طالبہ بیٹی کی مانند ہے، ہمیشہ دعا گو رہتی ہوں ۔