پنجاب حکومت، چینی کمپنی میں سولر پینلز مینوفیکچرنگ، اسمبلنگ پلانٹ لگانے کا معاہدہ

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب حکومت اور چین کی سولر انرجی کمپنی آئکو کے مابین پنجاب میں سولر پینلز مینوفیکچرنگ اور اسمبلنگ کا پلانٹ لگانے کا معاہدہ طے پا گیا ۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور آئکو کمپنی کے ساﺅتھ پیسفک ریجن کے صدر ایلیکس ہینگ نے معاہدے پر دستخط کئے۔مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں سینچورین انرجی کمپنی کے سی ای او فیصل جاوید، چینی اور مقامی کمپنیوں کے حکام اور سرمایہ کاروں نے شرکت کی ۔وزیرصنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ چین کی کمپنی آئکو پنجاب میں سولر پینلز مینوفیکچرنگ کا پہلا کارخانہ لگائے گی، اب سولر پینلز پنجاب میں بنیں گے، مقامی مارکیٹ میں فراہم کریں گے اور ایکسپورٹ بھی ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ بھارت سولر پینل بنا رہا ہے اور ہرسال ایک ارب ڈالر کے سولر پینلز تیار کرکے برآمد بھی کر رہا ہے ،انڈسٹری اور گھروں کو مہنگی بجلی سے نجات دلانے کا واحد حل سولر انرجی کا فروغ ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 5ماہ میں 21سے زائد غیر ملکی سولر انرجی کمپنیوں سے مل چکا ہوں،متعدد کمپنیوں نے پنجاب میں سولر انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے،غیر ملکی کمپنیوں کے ساتھ سولر انرجی سیکٹر میں اشتراک بھی کریں گے ،پنجاب میں 7 ہزار ٹیوب ویلوں کو سولر انرجی پر منتقل کرنے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے ،حکومت کم آمدنی والے افراد کو مفت اور قسطوں پر سولر پینلز دے گی ۔ انہوںنے کہاکہ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں ساڑھے 600ایکڑ رقبے پر گارمنٹ سٹی بنایا جا رہا ہے ،گارمنٹ سٹی بھی سولر انرجی پر ہوگا ،انڈسٹری، گھروں اور اداروں کو سستی بجلی کی فراہمی کے لئے مل کر کام کریں گے،پنجاب میں سولر پینلز کی ٹیسٹنگ لیب بھی بنائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہرادارہ محنت سے کام کرے تو آئی ایم ایف سمیت کسی مالیاتی ادارے سے قرض لینے کی ضرورت نہ پڑے۔تقریب کے دوران چینی کمپنیوں اور مقامی کمپنیوں کے مابین اشتراک کی 3مفاہمتی یادداشتوں پر بھی دستخط ہوئے۔