ایڈیشنل سیکرٹری شرائن کی دیدہ دلیری، متروکہ وقف املاک میں اہم فائلیں تلف

لاہور (سپیشل رپورٹر) ایڈیشنل سیکرٹری شرائن کی طرف سے متروکہ وقف املاک سے رخصت ہونے سے قبل تعطیل کے روز انتہائی اہمیت کی حامل فائلوں کو تلف کردیا گیا، اس سلسلے میں دو ملازمین نے اہم کردار ادا کیا تاکہ نئے تعینات ہونے والے آفیسر پر ہونے والی بے ضابطگیوں کا انکشاف نہ ہوسکے۔ 22 جولائی کو وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے باوجود ایڈیشنل سیکرٹری 14 یوم بعد تک سیٹ پر براجمان رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری شرائن شاہد سلیم کو تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن 22 جولائی کو جاری کیا گیا جس میں تحریر کیا گیا کہ اس عہدے کو فوری چھوڑ کر ”پیرنٹس ڈیپارٹمنٹ“ رپورٹ کریں، لیکن اسکے باوجود اگلے 15 یوم وہاں کیوں رہا گیا؟ جس پر وفاقی سیکرٹری مذہبی امور اور چیئرمین عطاءالرحمن کو انکوائری کرنی چاہئے جبکہ 3 اگست بروز ہفتہ متروکہ وقف املاک بورڈ میں عام تعطیل تھی جس پر ایڈیشنل سیکرٹری کے کار خاص سکیورٹی گارڈ 16 سکیل کے امجد الطاف جسے نوازنے کیلئے سکیل 19 میں ڈپٹی سیکرٹری بنا دیا گیا تھا اور دوسرے سکیورٹی گارڈ عبد المتین کی مدد سے شعبہ شرائن میں موجود حساس نوعیت کی فائلوں اور ڈیٹا کو تلف کیا گیا تاکہ نئے تعینات ہونے والے آفیسر کو بدعنوانیوں کا علم نہ ہوسکے۔ علاوہ ازیں اظہر شاہ ٹیوب ویل آپریٹر کو گردوارہ میں اہم ذمہ داریاں سونپی ہوئی تھی اور تمام میلوں پر حساب کتاب اسی کے ذریعے کیا جاتا تھا جسے کچھ عرصہ سے کارنامے چھپانے کیلئے ملتان تبدیل کیا گیا تھا۔ اس سے بھی ایڈیشنل سیکرٹری نے وعدہ کیا ہے کہ اسے لاہور گردوارہ واپس کردیا جائیگا ۔