عمران بچہ ہے نہ معافی مل سکتی،قوانین بن جائیں تو ایکس پر پابندی ختم ہوجائےگی،عظمیٰ بخاری

لاہور: (اپنے رپورٹر سے،کورٹ رپورٹر)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے سوشل میڈیا کیخلاف نہیں، قوانین بن جائیں تو ایکس پر پابندی ختم ہوجائے گی۔

لاہور ہائیکورٹ میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا بانی پی ٹی آئی جیل میں ذہنی طور پریشان ہیں ایک طرف کہہ رہے ہیں فوج اپنا نمائندہ مقرر کرے اور دوسری طرف کہہ رہے محسن نقوی فوج کا نمائندہ ہے،بانی پی ٹی آئی کی کوئی خواہش پوری نہیں ہونی اور نہ کوئی خواہش پوری کرنے کو تیار ہے البتہ خواب دیکھنے پرکوئی پابندی نہیں، خواب دیکھنے دیں،پہلے معافی تو مانگیں، مانیں سب کرایا ،غلطی ہوگئی ، پہلے آگ لگا دیں پھر معافی مانگ لیں ایسا نہیں ہوتا۔

وزیر اطلاعات نے کہاسوشل میڈیا کےخلاف نہیں لیکن قواعد و ضوابط کی بات کررہے ہیں، متعدد ملکوں میں سوشل میڈیا کےلئے قوانین موجود ہیں، ہر ملک میں مسائل کے حل کےلئے قوانین بنائے جاتے ہیں، آزادی اظہار رائے کو غلط استعمال کیا جاتا ہے، معاشرے میں بگڑی ہوئی روایات ہیں،ڈیجیٹل دہشتگردی سوشل میڈیا اکانٹس کے ذریعے کی جاتی ہے، رولز اینڈ ریگولیشن بن جائیں تو ایکس پر پابندی ختم ہو جائے گی، رولز اینڈ ریگولیشن کے ذریعے تمام اکاﺅنٹس چلنے چاہئیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہاعمران خان بچہ ہے نہ معافی مل سکتی ہے،ڈیجیٹل دہشتگردی سے ریاست بھی محفوظ نہیں، کوئی ملک ایسے نہیں چلتا جیسے ہم پاکستان کو چلانے کی کوشش کر رہے ہیں، امید ہے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اپنی ذمہ داری کو پورا کریں گی،خوشی ہے انصاف کے سارے ایوان منطق سے خالی نہیں ،چیف جسٹس کے سوالوں کے جواب اداروں سمیت کسی کے پاس نہیں،چیف جسٹس نے جواب طلب کیا کن رولز کے تحت ایکس کام کر رہا ہے، میں ایسے کیسز میں بارش کا قطرہ بنوں گی۔

وزیر اطلاعات نے کہاسولر پروگرام 100سے 200 یونٹ والے صارفین کو فراہم کریں گے، 200 سے 500 تک صارفین کو بھی سولر فراہم کریں گے، نواز شریف نے آئی ایم ایف سے جان چھڑا دی تھی، آئی ایم ایف کی سخت شرائط بھگت رہے ہیں، بجلی بلوں پر ریلیف کیلئے وفاقی حکومت پلان کر رہی ہے، اویس لغاری بتا رہے تھے وزیراعظم خود ذمہ داری سے کام کر رہے ہیں۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی مبینہ ویڈیو کےخلاف درخواست پر پی ٹی اے حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کر لیا،عدالت نے ایف آئی اے حکام سے استفسار کیا جو حکم دیا تھا اس پر کیا کیا؟ ایکس سے کیسے رابطہ کرتے ہیں؟ کس قانون کے تحت ایکس کو کام کرنے کی اجازت دیتے ہیں؟،ایف آئی اے افسر نے جواب میں کہا میرے علم میں نہیں۔

چیف جسٹس ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے حیرت ہے آپ کو پتہ ہی نہیں ، دنیا بھر میں سروس فراہم کرنے والوں کےلئے ضوابط ہیں، کیا یہاں نہیں ہیں؟،وفاقی تحقیقات ایجنسی کے افسر نے کہا پی ٹی اے معاملات کو دیکھتا ہے، عدالت نے استفسار کیا ایکس پوری دنیا کے ممالک میں شکایت پر جوابدہ ہے، کیا پاکستان میں نہیں ؟ ایف آئی اے افسر نے جواب دیا ڈاکیومنٹ تو ہے لیکن سائن نہیں ہوا،بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے مبینہ ویڈیو کیخلاف دائر درخواست پر سوشل میڈیا رولز اینڈ ریگولیشن اور پی ٹی اے حکام کو آئندہ سماعت پر طلب کرتے ہوئے تفصیلی رپورٹ 5اگست کو پیش کرنے کا حکم دےدیا۔