PTI کا نیا گرینڈ الائنس بنانے،الیکشن ترمیمی بل چیلنج کرنے کا اعلان

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)پی ٹی آئی نے نیا سیاسی گرینڈ الائنس بنانے،الیکشن ترمیمی بل سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا، بانی پی ٹی آئی سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعدسابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے عمر ایوب کیساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آئندہ 2 ہفتے میں گرینڈالائنس بلانے جارہے ہیں، گرینڈالائنس کیلئے تمام جماعتوں سے رابطے ہوں گے، جماعت اسلامی کے دھرنے اور مطالبات کی حمایت کرتے ہیں ،ملک آئین وقانون کے مطابق چلے گا، مہنگائی اوربجلی کی قیمتوں میں اضافہ قبول نہیں کریں گے۔

عمرایوب نے کہا بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے عوام 5 اگست کوصوابی پہنچیں اور عمران خان سے محبت کا ثبوت دیں،اتحاد کا نام تحریک تحفظ آئین پاکستان ہے۔

دریں اثنا شبلی فراز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت نے قانون کو موم کی گڑیا بنا دیا، فرد واحد کیلئے قانون میں تبدیلی لانا خطرناک ہے، اس وقت ملک میں قانونی اور مہنگائی کا بحران ہے، جو مقدمات چل رہے ہیں ان کا کوئی سر پیر نہیں، فارم 47 پر وجود میں آنے والی حکومت میں اخلاقی جرات نہیں۔

مزید برآںچیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے الیکشن ترمیمی بل سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا قانون سازی غیر آئینی و غیر قانونی ہے، قانون سازی کےخلاف سپریم کورٹ جائیں گے، سپریم کورٹ کا فیصلہ پہلے ہی آچکا ،آپ عدل و انصاف پر مبنی فیصلوں کو نظر انداز نہیں کر سکتے، سپریم کورٹ کے فیصلوں کو نہ ماننا غیر آئینی ہے۔