پاکستان میں پی ٹی آئی کی گنجائش نہیں، ادارے جب سمجھیں گے پابندی کا فیصلہ ہوگا،احسن اقبال

اسلام آباد:(بیورورپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے موجودہ طرز سیاست کےساتھ پاکستان میں پی ٹی آئی کی گنجائش نہیں، ادارے جب سمجھیں گے پابندی کا فیصلہ لے لیں گے، کسی جماعت پر پابندی صرف حکومت کی خواہش پر نہیں ہوسکتی،9مئی امریکہ میں ہوتا تو پی ٹی آئی کےخلاف کارروائی ہوتی، عمران خان چاہتے ہیںاسٹیبلشمنٹ گھوڑے پر سوار کرکے وزیراعظم ہاﺅ س پہنچائے،حکومت کوئی غیر جمہوری قدم نہیں اٹھائے گی۔

امریکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہا بانی پی ٹی آئی کے طرز سیاست میں تضادات ہی تضادات ہیں،قومی دھارے میں شمولیت کیلئے قوم و اداروں سے معافی مانگنا ہوگی بصورت دیگر موجودہ طرز سیاست کےساتھ پاکستان میں پی ٹی آئی کی گنجائش نہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے کہا فوج خود کو سیاست سے الگ کرنے کا فیصلہ کر چکی لہٰذا فوج کو سیاست میں ملوث نہیں کرنا چاہیے، فوج ،تحریک انصاف کے درمیان بات چیت ہوتی ہے تو کوئی پریشانی نہیں، بانی پی ٹی آئی تسلیم کرتے ہیں جی ایچ کیو پر احتجاج کا منصوبہ بنایا۔

احسن اقبال نے مزید کہا امریکہ میں 9 مئی ہوتا تو پی ٹی آئی کےخلاف کارروائی ہوتی، امریکی کانگریس پر حملے میں ملوث افراد کو 14 سال سزا سنائی گئی، چین کے سکیورٹی تحفظات دور کرنے میں کامیاب رہے، بیجنگ نے کہا حملوں کے نتیجے میں پاک چین تعاون نہیں رکے گا، پاکستان کی ذمہ داری ہے چینی باشندوں کی حفاظت یقینی بنائے،امریکہ چین تعلقات میں توازن رکھنا مشکل نہیں ہوگا، پاکستان کو امریکہ نظر انداز کرسکتا ہے نہ ہی چین۔