اسلام آباد، گوجرانوالہ،لاہور:(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)توڑ پھوڑ کیس میں عمران ،قریشی کو ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کاحکم، انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے حکم جاری کر دیا۔
دونوں رہنماﺅں ودیگر کیخلاف توڑ پھوڑ کیس کی سماعت ہوئی،جج طاہر عباس سپرا نے سوال کیا کیا شاہ محمود قریشی سزا یافتہ قیدی ہیں؟ کون سی جیل میں ہیں؟، پی ٹی آئی وکیل نے کہا شاہ محمود قریشی سزا یافتہ نہیں، لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں قید ہیں،جج طاہر عباس سپرا نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی ملزموں کو ویڈیو لنک کے ذریعے آئندہ سماعت پر عدالت میں پیش کیا جائے،بعد ازاں عدالت نے جیل حکام کو دونوں کی ویڈیو لنک پیشی کے انتظامات کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 7ستمبر تک ملتوی کردی۔
دوسری جانب اسلام آباد کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی پیکا ایکٹ کے تحت درج 2 مقدمات میں ضمانت منظور کر لی،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد کے ایڈیشنل اینڈ سیشن جج افضل مجوکا نے 5،5 لاکھ رکے مچلکوں کے عوض رہنما پی ٹی آئی اعظم سواتی کی ضمانت کنفرم کر دی،ادھر گوجرانوالہ کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے پی ٹی آئی رہنما عالیہ حمزہ کی ضمانت منظور کرلی ،جج جاوید اقبال نے درخواست پر سماعت کے بعد ضمانت کو منظور کیا۔
دریں اثنا بشریٰ نے اڈیالہ جیل میں دھکے مارنے اور بدتمیزی کرنے کےخلاف درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کردی،بشریٰ نے وکیل کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں آئی جی جیل خانہ جات سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا13 جولائی 2024 کو سیشن عدالت اسلام آباد نے بری کرنے کا حکم دیا، اڈیالہ جیل کے عملے نے دوسرے مقدمے میں گرفتاری کےلئے دھکے مارے، عملے کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی،نیب نے بدنیتی کی بنیاد پر گرفتار کیا، عدالت متعلقہ جیل عملے کےخلاف کارروائی کرنے کا حکم دے۔
توڑ پھوڑ کیس، عمران ،قریشی کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش کرنے کا حکم

















