لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر کاشف انور نے کہا ہے کہ معاشی حالات مشکل ہیں ، حکومت کو بجلی کی قیمتوں میں کمی اور ٹیکس سسٹم میں آسانی لاکر کاروباری شعبہ کو بھرپور طریقہ سے سپورٹ کرنا ہوگا تاکہ یہ ملک کی معاشی بحالی اور برآمدات میں اضافے میں کردار ادا کرنے کے قابل ہوسکے۔ حکومت کاروباری شعبہ سے وابستہ خواتین کیلئے خصوصی اقدامات اٹھائے، لاہور چیمبر پہلے ہی اس سلسلے میں بہت کچھ کررہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار فیصل آباد ویمن چیمبر کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی سربراہی صدر ویمن چیمبر روبینہ امجد کررہی تھیں۔ دیگر اراکین میں ایف پی سی سی آئی کی نائب صدر قرت العین، سابق صدر اور چیئرپرسن سٹینڈنگ کمیٹی برائے ٹریڈ اینڈ ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ صوبیہ عقیل اور سابق سینئر نائب صدر شاہدہ اقبال شامل تھیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر ملک کا پریمیئر چیمبر آف کامرس ہونے کے ناطے خواتین کو ہر شعبے میں بااختیار بنانے اور ان کی ترقی کیلئے سرگرم ہے۔ یہاں تقریباً 2000 خواتین ممبران ہیں اور ان کی تعداد میں ہر سال نمایاں اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ بات بھی قابل ستائش ہے کہ ہماری خواتین ایگزیکٹو کمیٹی ممبران خاص طور پر ان کی رہنمائی اور تعاون کیلئے سرگرم ہیں۔صدر فیصل آباد وومن چیمبر روبینہ امجد نے کہا کہ ملک کی معاشی حالت میں بہتری لانے کیلئے نصف سے زائد آبادی پر مشتمل خواتین کو اپنی صلاحتیں بھرپور بروئے کار لانا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ فیصل آباد سے ایکسپورٹ میں اضافہ کرنے کیلئے وومن انٹرپنیورز کی سہولیات و مراعات دی جائیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے وفد کو آگاہ کیا کہ لاہور چیمبرنے لاہور چیمبر میں خواتین تاجر برادری کیلئے ویمن امپاورمنٹ لاونج قائم کیا ہے جس میں خواتین کے کاروباری مسائل کے حل اور ان کی رہنمائی کیلئے ہمہ وقت کام کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ لاہور چیمبر میں ویمن انٹرپرینیورز ڈسپلے کارنر بھی قائم کیا گیا ہے جس میں خاص طور پر کاٹیج انڈسٹری اور ایس ایم ای سیکٹر سے تعلق رکھنے والی خواتین کی تیار کردہ مصنوعات کو مارکیٹنگ کے مقصد کیلئے ڈسپلے کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر ہر سال خواتین کا عالمی دن بھی بڑے پیمانے پر مناتا ہے۔انہوں نے فیصل آباد وومن چیمبر کے وفد کو بتایا کہ لاہور چیمبر نے متعدد ہسپتالوں، ڈائیگناسٹک لیبارٹریز ، تعلیمی اور دیگر اداروں کے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے ہیں جن کی وجہ سے لاہور چیمبر کے ممبران کو بہت سی سہولیات میسر آئی ہیں۔ لاہور چیمبر میں ون ونڈو آپریشن کے تحت بہت سے وفاقی اور صوبائی سرکاری دفاتر نے بھی سہولیاتی مراکز قائم کئے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے مزید کہا کہ معیشت کے زیادہ تر غیر روایتی شعبے خواتین سے تعلق رکھتے ہیں۔ وقت کی اشد ضرورت ہے کہ بین الاقوامی نمائشوں تک خواتین کی رسائی کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کی جائے جو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر منعقد ہونے والی نمائشوں میں دستکاری، مٹی کے برتن، ایمبرائیڈری، روایتی زیورات، ہاتھ سے تیار ٹیکسٹائل جیسی مصنوعات تیار کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت سے ممالک جن میں جاپان، چین ،جنوبی کوریا، ویت نام، عرب امارات اور بنگلہ دیش وغیرہ شامل ہیں، نے خواتین کو معاشی سرگرمیوں میں شامل کیا جس کے نتیجے میں وہ دیگر ممالک کے مقابلے میں بڑی تیزی سے ترقی کی منزلیں طے کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ہمیں بھی اسی ماڈل پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
حکومت بجلی قیمتوں میں کمی، ٹیکس سسٹم آسان بناکر کاروباری شعبہ کو سپورٹ کرے :صدر لاہور چیمبر



















