IMF نے پاکستان کو برآمدات بڑھانے میں انتہائی کمزور ملک قراردےدیا

اسلام آباد: (بیورورپورٹ) آئی ایم ایف نے پاکستان کو برآمدات بڑھانے میں انتہائی کمزور ملک قراردےدیا۔

عالمی مالیاتی فنڈ نے رپورٹ میں کہا ادائیگیوں پر پابندی، درآمدات کیلئے ٹیرف و نان ٹیرف رکاوٹیں، ایکسچینج ریٹ پاکستان کی کم برآمدات کی بنیادی وجوہات ہیں،پاکستان کو برآمدات و درآمدات کیلئے عالمی مارکیٹس میں مقابلے کے رجحان کی فضا کو دیکھنا چاہیے، برآمدات بڑھانے کیلئے مقامی صنعت کی پیداوار میں مزید ویلیو ایڈیشن کی ضرورت ہے، مقامی صنعتوں کی پیداوار بڑھانے اور ویلیو ایڈیشن کیلئے جدید ٹیکنالوجی کو اپنانا ہو گا۔

آئی ایم ایف نے کہابنگلہ دیش، بھارت، ویتنام، تھائی لینڈ و دیگر ممالک کی نسبت پاکستان کی برآمدات انتہائی کم ہیں، پاکستان کو ٹیکسٹائل، ایگریکلچر پراڈکٹس کے علاوہ دیگر شعبوں کی برآمدات بڑھانا ہوں گی،خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستانی برآمدات کی عالمی مارکیٹ میں پرفارمنس زیادہ بہتر نہیں ،ذرائع کے مطابق عالمی مالیاتی فنڈنے برآمدات بڑھانے کیلئے معاشی ٹیم سے پلان طلب کر لیا ۔

دوسری جانب پاکستان کےلئے 7 ارب ڈالر کے بیل آوٹ پیکیج کے معاملے پر آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس آئندہ ماہ اگست کے وسط میں بلائے جانے کا امکان ہے،ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف بورڈ سٹاف لیول معاہدے کے 4 سے 6 ہفتوں بعد حتمی منظوری دے گا تاہم بورڈاجلاس سے پہلے پاکستان کو ایکسٹرنل فنانسنگ کی یقین دہانی حاصل کرنا ہوگی،ماحولیاتی تبدیلی و قدرتی آفات کے خطرات سے نمٹنے کےلئے فنڈنگ پر جلد بات چیت متوقع ہے، آئی ایم ایف نے کلائمٹ فنانسنگ کےلئے پاکستان کی مجوزہ درخواست پر غورکا عندیہ دےدیا۔