اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیردفاع خواجہ آصف نے کہاہے حادثاتی حکومتوں سے جنم لینے والی نسل ہر وقت شیروانی سلوا کر تیار بیٹھتی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں خواجہ آصف نے کہا بہت پریس کانفرنسیں ، ٹی وی شوز ہو رہے ہیں، وطن عزیز کی سیاست نے 75سال میں بے شمار حادثات کو جنم دیا،حادثات کے نتیجے میں غیر جمہوری سیٹ اپ بنتے رہے جو انتخابات کا پروڈکٹ نہیں ہوتے اور کبھی بظاہر انتخابات کےلئے ہوتے اور کبھی غیر معینہ مدت کےلئے لمبے ہو جاتے ہیں۔
وزیردفاع نے کہا حادثاتی حکومتی (سیٹ اپس) نے سیاست دانوں، ٹیکنوکریٹس اور کاروباری لوگوں کی ایسی نسل جنم دی جو ہر وقت کسی حادثے کے انتظار میں شیروانی سلوا کے تیار بیٹھے ہوتے ہیں،حالات میں بے یقینی ہونے پر نئی سیاسی جماعتیں، پریس کانفرنسیں، ٹی وی پر منہ دکھائی کی بھرمار شروع اور قبلہ رخ پنڈی کی طرف کر لیتے ہیں۔
خواجہ آصف نے اپنی ٹوئٹ میں معروف شاعر افتخار عارف کی نظم بارواں کھلاڑی کے چند اشعار بھی شیئر کیے،”بارہواں کھلاڑی بھیکیا عجب کھلاڑی ہے!،انتظار کرتا ہے۔۔۔ایک ایسی ساعت کا،ایک ایسے لمحے کا،جس میں سانحہ ہو جائے پھر وہ کھیلنے نکلے۔
قبل ازیں اپنی ٹوئٹ میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا مشکل وقت میں تعلق نبھانا، ڈی این اے میں وفاداری اور حوصلہ ہونا اللہ کی عطا ہے،شفقت محمود کی سیاست پیپلزپارٹی سے شروع پھر مشرف سے ہوتی ہوئی شہباز شریف ،پی ٹی آئی پر ختم ہوئی،شفقت محمود کو 1964 سے جانتا ہوں، مجھے 50،55 سال قریبی دوستی کی غلط فہمی بھی رہی،بہت سے اچھے برے کام اکٹھے کئے، برے زیادہ اور اچھے کم کئے۔
خواجہ آصف نے کہا عمران کابینہ نے مجھ پر آرٹیکل 6 لگایا تو موصوف نے میرے خلاف دھواں دھار پریس کانفرنس کی،اقامے و بیرون ملک تنخواہ کو وجہ بتایا، میں نے ایف آئی اے کی انکوائری بھگتی،میرا اقامہ، تنخواہ اور کاروبار سب 30 سال سے ڈکلیئر تھے، انکوائری نمٹ گئی مگر کچھ لوگ پہچانے گئے۔
حادثاتی حکومتوں سے جنم لینے والی نسل ہر وقت شیروانی سلوا کر تیار بیٹھتی ہے، خواجہ آصف

















