لاہور (اپنے نمائندے سے) اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کے سربراہ اور مرکزی جماعت اہل حدیث پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ حکمران قومی مفادات کے خلاف ہر قسم کے معاہدے ختم کردیں۔ آئی پی پیز کو بھاری ادائیگیاں ملک دشمنی ہے، سودی نظام سے ملک معاشی تباہی و برباد کا شکار ہوچکا ہے۔ اگر ہمارے حکمرانوں اور مقتدر لوگوں میں ذرہ برابر بھی خدا کا خوف، قوم کی تکلیف اور پریشانی کا احساس ہے تو جتنے بھی عوامی مفاد کے خلاف غلط معاہدے ہیں انکو فوری طور پر ختم کر کے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔ وہ گزشتہ روز اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ مرکزی سیکرٹری جنرل پروفیسر عدنان فیصل ، پنجاب کے صدر میاں اصغر اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا۔علامہ زبیر احمد ظہیر نے کہا ہے کہ جن اقدامات اور غلط فیصلوں سے پوری قوم دنوں کے سکون اور راتوں کی نیند سے محروم ہوچکی ہے، قوم کا بچہ بچہ مضطرب اور پریشان ہے۔کمر توڑ مہنگائی، بجلی کے ناقابل برداشت بلوں اور ہر سطح پر بے عدلی اور بے انصافی کی وجہ سے روزانہ لوگ خودکشیاں کرنے، اپنے آپ اور بچوں کو موت کی نیند سلانے پر مجبور ہو چکے ہیں۔ معاشی و سیاسی صورتحال انتہائی مخدوش ہے، عوام میں مایوسی اور بددلی انتہا کو پہنچ رہی ہے مگر حکمران اور سیاستدان پھر بھی سیدھے راستے پر چلنے کیلئے ہرگز تیار نہیں ہیں جس کیلئے عوام کو میدان عمل میں آنا ہوگا۔ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ فوری طور پر تمام چھوٹی بڑی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے قائدین سے رابطے کر کے سودی نظام، آئی پی پیز کے عذاب ، کرپشن کی تباہی اور ہر سطح پر بے عدلی اور بے انصافی کے خلاف 14 اگست سے ملکی سطح پر عوامی تحریک شروع کی جائے گی اور یہ تحریک تب تک جاری رکھی جائے جب تک سودی نظام کا خاتمہ، آئی پی پیز کے ساتھ بد ترین معاہدے، کرپشن ، بے عدلی اور بے انصافی اور کمر توڑ مہنگائی سے عوام کو نجات نہیں مل جاتی۔
حکمران قومی مفادات کیخلاف معاہدے ختم کریں: علامہ زبیر احمد ظہیر ،عوامی تحریک چلانے کا اعلان

















