اسلام آباد:(بیورورپورٹ) کیپسٹی چارجز مہنگی بجلی کی بڑی وجہ ،22 سرکاری کمپنیاں کیپیسٹی چارجز میں 48 فیصد حصے دار نکلیں۔
ذرائع کے مطابق 22 سرکاری کمپنیوں کو 3ماہ میں 169 ارب 36کروڑ ادا کیے گئے،واپڈا کے 21 بجلی گھر 21 فیصد کیپسٹی پر چل سکے لیکن 21 ارب 27 کروڑ کیپیسٹی چارجز ادا کیے گئے،کے پی حکومت کی ملکیت مالاکنڈ تھری بجلی گھر 40 فیصد کیپیسٹی پر چلا لیکن 100 فیصد جنریشن کیپسٹی کے لحاظ سے 20 کروڑ چارجز لیے، پنجاب حکومت کی ملکیت قائد اعظم تھرمل 42 فیصد چلا لیکن 11 ارب 52 کروڑ وصول کیے،پنجاب تھرمل پاور کمپنی کے بند بجلی گھر کو بغیر کسی یونٹ کے عوض 10ارب 64 کروڑ روپے ادا کیے گئے۔
پنجاب کا قائد اعظم سولر 16.3 فیصد چل کر 2 ارب 41 کروڑ لے گیا،وفاقی حکومت کی 3 جنکوز صرف 5.8 فیصد چل کر 5 ارب 95 کروڑ کیپسٹی چارجز لے گئیں،جھنگ ،بلوکی آر ایل این جی بجلی گھر 72 فیصد چلے ،15ارب 73 کی وصولی کی گئی، چشمہ نیوکلیئر کے 4 یونٹس 80 فیصد کیپسٹی پر چلے ،37 ارب 33 کروڑ وصول کیے ،کینپ کو سب سے زیادہ 64 ارب 23 کروڑ ادا کیے گئے۔
دوسری جانب سابق نگران وزیرتجارت گوہر اعجاز نے انکشاف کیا حکومت ایک پاور پلانٹ سے سب سے زیادہ مہنگی بجلی 750 روپے یونٹ کے حساب سے خرید رہی ہے، حکومت کول پاور پلانٹس سے اوسطاً 200 روپے یونٹ کے حساب سے بجلی خرید رہی ہے، ونڈ ،سولرپلانٹس سے 50 روپے یونٹ سے اوپرمیں بجلی خریدی جا رہی ہے۔
گوہر اعجاز نے کہاحکومتی آئی پی پیز کو ادائیگیوں کی وجہ سے صنعتی، تجارتی و گھریلو صارفین کو تکلیف پہنچ رہی ہے،صلاحیت کے 20 فیصد سے کم پیداوار پر آئی پی پیز کو 1.95 ٹریلین روپے کی ادائیگی کی گئی، حکومت ایک پلانٹ کو 15 فیصد لوڈ فیکٹر پر 140 ارب ادا کرچکی ، دوسرے پاور پلانٹ کو 17 فیصد لوڈ فیکٹر پر 120 ارب ادا کئے گئے، تیسرے پاور پلانٹ کو 22 فیصد لوڈ فیکٹر پر 100 ارب کی ادائیگی کی گئی، صرف 3پاور پلانٹس کو 370 ارب ادا کیے گئے۔
سابق نگران وزیر نے کہاکیپیسٹی پیمنٹ کے معاہدے پاورپلانٹس کو بہت زیادہ انوائس کرنے کی اجازت دیتے ہیں، معاہدوں کے نتیجے میں بجلی پیدا کیے بغیر آئی پی پیز کو بڑی صلاحیت کی ادائیگی ہوتی ہے ، مسئلے کا حل کوئی صلاحیت کی ادائیگی نہیں،صرف سستی ترین بجلی فراہم کرنے والوں سے بجلی خریداری کے معاہدے کیے جائیں،ملک بچانے کےلئے 40 خاندانوں کےساتھ کئے گئے معاہدوں کےخلاف سب کو اٹھنا چاہیے۔
ادھر صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری عاطف اکرام شیخ نے مطالبہ کیا ہے آئی پی پیز کےساتھ ہونےوالے معاہدوں پر نظر ثانی ضروری ہے،آئی پی پیز کے پاور پلانٹس 10 فیصد سے بھی کم استعداد پر چل رہے ہیں لیکن حکومت پوری ادائیگی کررہی ہے،صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا پاکستان میں عام عوام کا جینا محال اور کاروباری حالات مخدوش ہورہے ہیں، بجلی کی قیمتیں کم نہ ہوئیں تو صنعتیں بند ہو جائیں گی، پاکستان میں پہلے ہی بجلی کی فی یونٹ قیمت خطے کے دیگر ممالک سے زیادہ تھی، مزید اضافہ کردیا گیا۔
کیپسٹی چارجز مہنگی بجلی کی بڑی وجہ ،ایک پاور پلانٹ سے 750 روپے فی یونٹ خریداری

















