پشاور:(بیورورپورٹ)کے پی اسمبلی نے آپریشن عزم استحکام،پی ٹی آئی پر پابندی کیخلاف اور عمران خان کی رہائی سمیت متعدد قرارداد منظور کرلیں۔
وزیر قانون آفتاب عالم کی پیش کردہ قرار داد میں کہا گیا وفاقی حکومت کی جانب سے عزم استحکام آپریشن پرافواہیں ہیں، افوا ہ ہے عزم استحکام کی آڑ میں نیا فوجی آپریشن شروع کیا جارہا ہے،بانی پی ٹی آئی عمران خان نے پہلے واضح کیا تھا فوجی آپریشن مسئلے کا حل نہیں ، آپریشن سے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے،وفاق کسی بھی فیصلے سے پہلے صوبائی حکومت کو اعتماد میں لے، آپریشن سے متوقع نقصان کی ذمہ داری وفاق پر عائد ہوگی۔
آفتاب عالم نے پی ٹی آئی پر پابندی کےخلاف قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا سپریم کورٹ کے فیصلے سے واضح ہے پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے،پی ٹی آئی کو مخصوص نشستیں دی جائیں، عدالتی فیصلے کے باوجود وفاقی کابینہ پی ٹی آئی پر پابندی کا بیانیہ بنا رہی ہے، تحریک انصاف آئین کیساتھ کھڑی ہے، پابندی آئین کے آرٹیکل 17کی خلاف ورزی ہے،وزیر قانون آفتاب عالم کی جانب سے بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی قرارداد بھی پیش کی گئی جس میں کہا گیا عمران خان ،ساتھیوں کیخلاف کیسز قوانین کی خلاف ورزی ہیں،اقوام متحدہ رپورٹ کے تناظرمیں بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے،ایوان نے دونوں قراردادوں کی منظوری دےدی۔
علاو ہ ازیں خیبرپختونخوا اسمبلی میںصوبے کو 10 سے 15 روپے یونٹ بجلی دینے کی قرارداد کوبھی کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا،رکن اسمبلی فضل الٰہی کی جانب سے پیش کی گئی قرارداد میں کہا گیاخیبرپختونخوا میں 2 سے 3 روپے یونٹ کی لاگت سے بجلی پیدا ہورہی ہے جبکہ وفاق کی جانب سے صوبے کو یہی بجلی 70 سے 100 روپے یونٹ میں دی جارہی ہے،وفاق صوبے کو 10 سے 15 روپے یونٹ بجلی فراہم کرے۔
کے پی اسمبلی،آپریشن عزم استحکام،پی ٹی آئی پر پابندی کیخلاف قراردا دیں منظور

















