کسانوں کازرعی ٹیکس کیخلاف اسلام آباد،لاہور میں دھرنا دینے کااعلان

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)کسان بھی سڑکوں پر آنے کیلئے تیار،زرعی ٹیکس کیخلاف اسلام آباد،لاہور میں دھرنا دینے کااعلان کردیا۔

چیئرمین پاکستان کسان اتحادخالد باٹھ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا پہلی بار ٹیکس لگا کرزراعت کومزید تباہ کر دیا گیا ،حکومت نے گندم نہ خرید کر نقصان کیا اب کہہ رہے ہیں 2850 روپے من سے اوپر نہ بیچیں، کیسا ظلم ہے پہلے گندم خریدی نہیں اب بیچنے نہیں دے رہے،حکومتی اقدام کی مذمت کرتے ہیں، زرعی ٹیکس کیخلاف ملک گیر احتجاج کا پلان ترتیب دے رہے ہیں، پہلے مرحلے کے دوران اسلام آباد،لاہور میں دھرنا دیں گے۔

خالد باٹھ نے کہاپنجاب حکومت معاشی قتل میں ملوث ہے،حکومتی پالیسیوں سے آئندہ سیزن گندم کی کم کاشت ہوگی،ملک تباہی کی جانب جارہا ہے ، کسان گندم مرضی سے نہیں بیچ سکتا، مافیا کو چینی باہر بھیجنے کی اجازت دے دی گئی،بس بہت ہوگیا،زرعی ٹیکس واپس لیے جانے تک دھرنا جاری رہے گا۔