لاہور (خبرنگار) سمن آباد زون کی ریگولیشن برانچ پر چند مخصوص ”طاقتور“ انفورسمنٹ انسپکٹرز کا قبضہ قائم ہو نے کی وجہ سے گزشتہ سال ریونیو ٹارگٹ شدید کمی سے دوچار رہا، زونل افسر ریگولیشن اور چیف افسر کا مخصوص انسپکٹرز پر اندھا اعتماد ریونیو ٹارگٹ کو لے ڈوبا۔ سمن آباد زون کی 32 یونین کونسلوں پر عرصہ دراز سے صرف 4 انفورسمنٹ انسپکٹروں کا تسلط برقرار ہے جو تقریباً 50 لاکھ روپے کے معمولی سے ریونیو ٹارگٹ کے حصول میں بڑی رکاوٹ بنا ہوا ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ انفورسمنٹ انسپکٹرز نوید بھٹی، سہیل سکندر، نوید گوندل اور صالح یونس نے من چاہی یونین کونسلوں پر قبضے جما رکھے ہیں جس کے باعث سمن آباد زون کی حدود میں تجاوزات کے انبار لگے ہوئے ہیں، سڑکیں سکڑ کر رہ گئی ہیں، ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہو چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مین بلیوارڈ گلشن راوی اور نیازی اڈہ سے یتیم خانے تک تجاوزات کا ذمہ دار انفورسمنٹ انسپکٹر سہیل سکندر اور نوید بھٹی ہے جبکہ کریم بلاک اقبال ٹاﺅن میں تجاوزات کو تحفظ فراہم کرنے والا واحد انفورسمنٹ انسپکٹر نوید گوندل اور اچھرہ بازار کی تجاوزات صالح یونس کے ہاتھوں میں ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ مذکورہ انفورسمنٹ انسپکٹرز نے تجاوزات سے پیسے اکٹھے کرنے کیلئے پرائیویٹ افراد کی فوج رکھی ہوئی ہے جو ہفتہ میں دوبار ہزاروں روپے اکٹھے کرکے انفورسمنٹ انسپکٹروں کے حوالے کرتے ہیں، تاہم بعدازاں انفورسمنٹ انسپکٹر ز پیسوں کو زونل افسر ریگولیشن رانا اشرف سے لیکر مرکز کی ریگولیشن برانچ سمیت چیف افسر تک طے شدہ معاہدے کے مطابق برابر تقسیم کرتے ہیں۔ ریونیو ٹارگٹ پورا نہ کرنے والوں کیلئے آج تک سزا ﺅں کا تعین نہ ہونے کی وجہ سے کرپٹ انفورسمنٹ انسپکٹرز کی ہمت کو بڑھاوا مل رہا ہے۔
ریگولیشن برانچ سمن آباد زون، طاقتور انفورسمنٹ انسپکٹرز ریونیو ٹارگٹ کے حصول میں رکاوٹ

















