بارش کے پانی کی فوری نکاسی کیلئے مشینری کو فعال رکھا جائے: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بےورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے محرم الحرام کے دوران میونسپل کارپوریشن عملے کو متحرک رہنے کی ہدایت کر دی، بارش کی صورت میں نکاسی آب کیلئے مشینری کو بھی فنکشنل رکھا جائے، کمشنر کی ہدایت۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پسپ پروگرام اور میونسپل کارپوریشن کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوارڈینیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ شاہد رسول وڑائچ، چیف آفیسر کارپوریشن شیخ اشفاق احمد سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے عاشورہ محرم کے دوران میونسپل کارپوریشن، پی ایچ اے، محکمہ ہیلتھ، ریسکیو 1122کے عملے کو ڈیوٹی پر موجود رہنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن حکام پر زور دیا کہ مجالس روٹس پر موبائل سبیلیں لگائی جائیں اور سٹریٹ لائٹس کو فنکشنل رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ 9ایل نہر پر واکنگ ٹریک بنانے کے کام کو تیز کیا جائے اور شہر کی خوبصورتی میں اضافے کیلئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں۔ انہوں نے پسپ پروگرام کے تحت ہائی سٹریٹ پر کرب سٹونز لگانے کے کام کو بھی مزید تیز کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ یونیورسٹی روڈ پر جاری کام کے دوران حفاظتی اقدامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔