حسینی مشن پر گامزن ہو کر ہی غلبہ اسلام کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے :ڈاکٹر اشرف آصف جلالی

لاہور (اپنے نمائندے سے) تحریک لبیک یا رسول اللہ ،تحریک صراط مستقیم اور بزم جلالیہ رضویہ کے زیر اہتمام مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں سیدنا امام حسینؓ اور شہداءکربلا کو خراج تحسین پیش کرنے کے سلسلہ میں سالانہ ”محبت اہل بیت کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے کہا کہ محبت اہل بیت دارین کی سعادتوں کا ذریعہ ہے۔ یہ محبت اعمال صالحہ کی قبولیت کا راز اور قرب ِ خداوندی کی دلیل ہے۔ اہل بیت اطہار کا معاذ اللہ بغض انسان کی بربادی کا باعث ہے۔ اہل بیت اطہار کی محبت سفینہ نجات ہے۔ زندگی کے طوفانوں میں یہ سفینہ عافیت سے منزل تک پہنچانے والا ہے۔ ایک انسان کی نہایت خوش قسمتی یہ ہے کہ اس کے سینے میں محبت اہل بیت اور محبت صحابہ کے نقوش گہرے ہوں۔ یہ دونوں محبتیں ذاتِ رسول کی وجہ سے ہیں اور آپس میں لازم و ملزوم ہیں۔ یہ اصول قرآن و سنت سے ثابت ہے اور اسی میں وحدتِ امت کا راز پنہاں ہے۔ حضرت امام عالی مقام حضرت سیدنا امام حسینؓاور دیگر شہداءدین بچانے کیلئے کربلا میں گئے اور دین بچانے کا حق ادا کر دیا۔ آج حسینی مشن پر گامزن ہو کر ہی غلبہ اسلام کی منزل حاصل کی جا سکتی ہے۔ کانفرنس کی صدارت پیر سید نعیم شاہ بخاری جلالی نے کی جبکہ حضرت پیر بشیر حیات صاحب مجددی اور پیر سید اعجاز حسین شاہ اور پیر امین اللہ نبیل سیالوی مہمان خصوصی تھے۔ کانفرنس میں مفتی مدثر رضوی، مفتی شفیق جلالی، علامہ فرمان علی حیدری، صاحبزادہ مرتضیٰ علی ہاشمی، علامہ طلحہ احسن جلالی، مفتی زاہد نعمانی جلالی، علامہ صدیق مصحفی، حافظ زوہیب جلالی، مفتی شاہد رفیق مدنی سمیت کثیر تعداد میں علماءاور عوام نے شرکت کی۔