بجلی کابنیادی ٹیرف 7.12روپے یونٹ مہنگا،امریکی بوجھ پاکستانیوں پر

اسلام آباد،کراچی:(بیورورپورٹ) بجلی کابنیادی ٹیرف 7.12روپے یونٹ مہنگا،امریکی بوجھ پاکستانیوں پر ،چشم کشا انکشافات،صارفین سے سالانہ 860ارب ٹیکس وصولی کی رپورٹ بھی سامنے آ گئی۔

نیپرا نے بنیادی ٹیرف میں 7.12 روپے تک اضافے کی حکومتی درخواست منظور کرلی ، ماہانہ 200 یونٹ تک کے گھریلو صارفین کو 3 ماہ کےلئے اضافے سے استثنیٰ دےدیا گیا،نیپرا نے بجلی ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ نوٹیفکیشن کےلئے وفاقی حکومت کو بھجوا دیا اور نوٹیفکیشن کا اجرا ہوتے ہی قیمتوں کا اطلاق ہو جائے گا۔

اضافے کے بعد گھریلو صارفین کےلئے بجلی کا فی یونٹ بنیادی ٹیرف 48 روپے 84 پیسے تک ہوگا جبکہ ماہانہ 201 سے 300 یونٹ تک یونٹ استعمال کا ٹیرف 7.12 روپے اضافے سے 34.26 روپے ہو جائےگا ۔

ادھر ملک میں ہوشربا پاور ٹیرف کی بنیادی وجہ اسے امریکی انفلیشن انڈیکس کےساتھ منسلک کرنا ہے،حیرت انگیز انکشاف سسٹین ایبل پالیسی انسٹیٹیوٹ (ایس پی آئی) کی جانب سے کونسل آف اکنامک اینڈ انرجی جرنلسٹس (سیج) کو دی گئی بریفنگ میں کیا گیا ۔

سیج کو دی گئی بریفنگ میں ایس پی آئی نے انکشاف کیا مہنگائی امریکہ میں ہوگی اور بجلی کی قیمت پاکستان میں بڑھے گی کیونکہ آئی پی پیز امریکی مہنگائی کی قیمت پاکستانیوں سے وصول کرتی ہیں، سیٹین ایبل پالیسی انسٹیٹیوٹ کے انرجی ریسرچ فیلو ڈاکٹر خالد ولید اور احد نظیر کی جانب سے بریفنگ میں مزید بتایا گیا آئی پی پیز کے حکومت پاکستان سے بجلی معاہدے میں امریکی انفلیشن انڈیکس کو منسلک کیا گیا ، آئی پی پیز کے ٹیرف میں امریکی انفلیشن کو بھی انڈیکس کیا گیا،ڈاکٹر خالد ولید نے کہا امریکی ڈالر کی قدر گرنے پر بھی پاکستان میں بجلی کا ٹیرف بڑھے گا، امریکہ میں انفلیشن کی وجہ سے سال 2019ءسے سال 2024ءکے دوران ٹیرف کمپوننٹ میں 253فیصد کا اضافہ ہوا۔

دوسری جانب وزارت توانائی نے بجلی صارفین سے سالانہ 860 ارب روپے کی ٹیکس وصولیوں کا انکشاف کر دیا ،قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے توانائی اجلاس میں بجلی کے بلوں میں ٹیکسز کی بھرمار پر قومی اسمبلی کی توانائی کمیٹی میں وزیر توانائی اور سیکرٹری نے دہائی دی اور کہا ایف بی آر نے پاور سیکٹر کو ٹیکس کلیکشن ایجنٹ بنا دیا ہم ایف بی آر کو 860 ارب روپے ٹیکس جمع کر کے دیتے ہیں بجلی کی ہر کیٹیگری کے بلز میں 18 فیصد جی ایس ٹی شامل ہے۔