لاہور (قمر عباس نقوی) سیکرٹری اوقاف کی منصوبہ بندی لاہور کو دو زونز میں تقسیم کے مثبت ثمرات، زونلز ایڈمنسٹریٹرز کی بہترین کارکردگی، تاریخ میں پہلی مرتبہ مالی سال 2024میں اہداف حاصل ،زون ایسٹ نے 25کروڑ 31لاکھ ویسٹ زون نے 21کروڑ 22لاکھ سے زائدجبکہ گڈ ول کی مد میں دو زونز نے 17کروڑ 70لاکھ سے زائد آمدنی حاصل ،سینئرز افسران کی نگرانی اور ٹیم ورک سے نتائج حاصل زونلز ایڈمنسٹریٹرز۔تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف کے سیکرٹری طاہر رضا بخاری کو زونل ایڈمنسٹریٹر شاہد ورک کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ لاہور زون کو انتظامی امور اور آمدنی میں بہتری لانے کی خاطر دو زونز میں تقسیم کیا جائے جس پر سال 2023میں اس پر سیکرٹری اوقاف کی جانب سے زونز کو عملی طور پر تقسیم کرتے ہوئے ایسٹ اور ویسٹ زون میں قائم کرتے ہوئے علاقہ جات کی بھی تقسیم کی گئی جس میں ایسٹ زون میں اشفاق ڈیال اور ویسٹ زون میں شاہد حمید ورک کو ایڈمنسٹریٹر تعینات کیا گیا اور ایسٹ زون میں سرکل 3اور 4اور 6سمیت قصور کو شامل کیا گیا جبکہ ویسٹ زون میں سرکل 1اور 2اور 5سمیت سرکل شیخو پورہ شامل ہیں چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف کی مثبت منصوبہ بندی کے ثمرات ایک سال کے بعد ہی آنا شروع ہو گئے ہیں اس میں ایسٹ اور ویسٹ زونز کے ایڈمنسٹریٹرز کی جانب سے ٹیم ورک کے ساتھ کام کرتے ہوئے اوقاف کی تاریخ میں پہلی مرتبہ لاہور زون نے مالی اہداف حاصل کیا۔ اس حوالے سے ماہ جون 2024کے آخر میں ایسٹ زون کو مالی ہدف 23کروڑ 63لاکھ 91ہزار دیا گیا تھا جبکہ مالی سال 2023-24میں مختص بجٹ کے ہدف کی بجائے اضافہ کرتے ہوئے 25کروڑ 31لاکھ 72ہزار 176روپے اس کے علاوہ گڈ ول کی مد میں 15کروڑ68لاکھ 53ہزار 52روپے حاصل کئے اسی طرح ویسٹ زون نے مالی سال 2023-24میں مختص بجٹ 20کروڑ 78لاکھ 14ہزار جبکہ حاصل شدہ رقم 21کروڑ 22لاکھ 76ہزار 11روپے گڈ ول کی مد میں 2کروڑ 2لاکھ آمدن ہوئی جس سے محکمہ کے مالی امور پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں ایسٹ زون کے ایڈمنسٹریٹر اشفاق ڈیال اور ویسٹ زون کے ایڈمنسٹریٹر شاہد حمید ورک نے روزنامہ ”مشرق“ کو بتایا کہ سیکرٹری اوقاف پنجاب طاہر رضا بخاری کی سال 2023میں کئے جانے والے فیصلوں کے باعث مثبت ثمرات حاصل ہوئے ہیں اور لاہور زون کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مالی اہداف حاصل کئے گئے ہیں اس میں سینئر افسران کی نگرانی اور زونز میں کام کرنے والی تمام ٹیم کی محنت کے نتائج ہیں اور ٹیم ورک کے باعث ممکن ہوا آئندہ سال بھی نہ صرف محکمانہ مالی اہداف حاصل کرنے کی کوشش کی جائیگی بلکہ نئی منظور شدہ کمرشل پالیسی کی روشنی میں کمرشل پوٹینشل کی حاصل املاک کی کمرشل بنیادوں پر نیلامی کو یقینی بنایا جائیگا۔
محکمہ اوقاف لاہور کو 2 زون میں تقسیم کرنے کے مثبت اثرات، پہلی مرتبہ سالانہ مالی اہداف حاصل



















