سستی اشیاءکی فراہمی اوّلین ترجیح، آئی ایم ایف سے ریلیف دلانے کیلئے کوشاں ہیں:احسن اقبال

نارووال (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و اصلاحات پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ ملک میں سستی اشیاءضروریہ کی فراہمی ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اس سلسلے میں ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹورز پر عوام کو سستے داموں آٹا چینی دالیں اور گھی دستیاب ہیں، نارووال کے نواحی قصبہ کنجروڑ میں یوٹیلیٹی سٹور کی نئی برانچ کے افتتاح کے موقع پر وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال چوہدری نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو سستے داموں اشیاءضروریات کی فراہم کی جائیگی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہروں سے بڑھ کر اب بڑے قصبوں میں بھی عوام کو آٹا چینی دالیں اب یوٹیلیٹی سٹوروں پر دستیاب ہونگیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران نیازی کے دور میں مہنگائی عروج پر پہنچ چکی تھی اب ہم مہنگائی کو کنٹرول کر رہے ہیں، بہت جلد مہنگائی پر قابو پانے میں کامیاب ہونگے انہوں نے مزید کہا کہ ملک پاکستان آئی ایم ایف سے عوام کو ریلیف دلانے کیلئے کوشاں ہے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی جب نارووال کے نواحی دیہات کنجروڑ پہنچے تو انکا پھولوں کے ہار پہنا کر شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ایم پی اے پی پی 56 شکرگڑھ رانا منان خاںزونل منیجر یوٹیلیٹی سٹور حافظ عمران سابق چیئرمین یوسی کنجروڈ ذیشان خاں،سابق وائس چیئرمین ملک فاروق اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔