کراچی :(بیورورپورٹ)پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی سے اپنی زبان اور روئیے پر نظر ثانی کامطالبہ کردیا۔
نائب صدر پیپلز پارٹی اور سینیٹر شیری رحمن نے کہا پی ٹی آئی رہنما پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنی غلط زبان، لہجے اور رویہ پر نظر ثانی کریں، ملک میں تقسیم اور نفرت کی سیاست کے بیج بونے والی جماعت آج کل خود بدترین تقسیم اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، دوسروں کا استعفیٰ مانگنے والے آج کل ایک دوسرے کا استعفیٰ مانگ رہے ہیں، اختلافات ہر سیاسی جماعت میں ہوتے ہیں لیکن یہاں تو ہر کوئی ایک دوسرے سے استعفے کا مطالبہ اور بیان بازی کر رہا ہے۔
شیری رحمن نے کہا بیشک انسان وہی کاٹتا ہے جو بوتا ہے، نفرت اور تقسیم کی سیاست کا انجام بھی یہی ہونا ہے، بانی پی ٹی آئی کی خوشنودی حاصل کرنے کی دوڑ میں تحریک انصاف کا ہر رہنما مخالفین کے خلاف بلند آواز میں الزام تراشی اور گالم گلوچ کا سہارا لے رہا ہے،سرخ لکیر کراس کرنے سے بہتر ہے ضابطہ اخلاق کے اندر رہ کر سیاست کی جائے۔
پی ٹی آئی اپنی زبان اور روئیے پر نظرثانی کرے:پیپلز پارٹی

















