چینی شہریوں کی سکیورٹی ناکامی پر آرمی چیف فوری فارمیشن کمانڈرز کانفرنس بلائیں،عمر ایوب

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے چینی شہریوں کی سکیورٹی ناکامی پر آرمی چیف سے فوری طور پر فارمیشن کمانڈرز کانفرنس بنانے کامطالبہ کردیا۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہاچین کی جانب سے اپنا گھر درست کرنے کا کہا جا رہا ہے، چینی قیادت کی طرف سے سکیورٹی خطرہ بتانا خطرناک ہے، آرمی چیف فوری فارمیشن کمانڈرز کانفرنس بلائیں جو صرف چینی شہریوں و ماہرین کی سکیورٹی پر ہونی چاہیے، کانفرنس اب تک کی سکیورٹی ناکامی کا بھی جائزہ لے، بتایا جائے چینی شہریوں کو نشانہ بنانےوالے دہشتگردوں کے پیچھے بھی ویگو ڈالے لگے یا صرف پی ٹی آئی کے پیچھے ہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاانٹیلی جنس ایجنسیز بالخصوص آئی ایس آئی کا بجٹ بتائیں کہاں خرچ ہو رہا ہے،پوچھا جائے انٹیلی جنس کیوں ناکام ہو رہی ہے، بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جیل میں گفتگو سننے اور کیمرہ لگانے کی بجائے ملکی استحکام پرکام کریں،عمر ایوب نے کہامعیشت بکھری پڑی ، وفاقی کابینہ جھوٹ بول رہی ہے،سی پیک منصوبہ معیشت کیلئے نہایت اہم ہے، پاکستان کی سالمیت کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کی قیادت میں قومی اسمبلی سے الیکشن کمیشن آفس تک ریلی نکالی گئی، عمران خان کو رہا کرو کے نعرے لگائے گئے،پی ٹی آئی نے چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاپی ٹی آئی کو عدالتوں سے تاریخ پر تاریخ ملی، پارلیمنٹ نے بھی استحصال کیا،پارلیمنٹ سے الیکشن کمیشن تک ریلی کا مقصد بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہے،عمر ایوب نے کہالاقانونیت کےخلاف پارلیمنٹ سے باہر آئے ہیں، چیف الیکشن کمشنر اور چاروں ممبران فوری استعفیٰ ہوں۔