لاہور (کامرس رپورٹر) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے لاہور آفس میں پاکستان اور ایران کے مابین تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے کے حوالے سے ایک اہم ملاقات کا انعقاد کیا گیا۔ اس ملاقات میں ایران کے سفیر برائے پاکستان ڈاکٹر رضا امیری مقدم، مدثر ٹیپو پاکستان کے سفیر برائے ایران اور قونصل جنرل ایران لاہور مہرن موحد فر سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ملاقات کے آغاز میں ریجنل چیئرمین اور نائب صدر ایف پی سی سی آئی ذکی اعجاز نے ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی عوام سے تعزیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 10 بلین کے تجارتی ہدف کو حاصل کرنے کیلئے مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ذکی اعجاز نے کہا کہ دونوں ممالک کے تاجروں پر مشتمل ایک تجارتی گروپ قائم کیا جائے جو تجارت کے ممکنہ شعبوں کی نشاندہی کرے اور اجتماعی سفارشات پیش کرے۔ اس کے علاوہ بارٹر ٹریڈ میکانیزم کو عملی طور پر نافذ کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ تجارتی تعلقات کے فروغ کیلئے تجارتی اور ثقافتی وفود کے تبادلے، دونوں ممالک کے درمیان ڈائریکٹ فلائٹس، بزنس 2 بزنس میٹنگز کے انعقاد، کلچر اینڈ سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگراموں کے فروغ اور تجارتی گروپ وفود کی کارکردگی کی مانیٹرنگ پر بھی زور دیا گیا۔ ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے کہا کہ 10 بلین ڈالر کے تجارتی ہدف کو حاصل کرنے کیلئے دونوں ممالک کی سرحد کو چوبیس گھنٹے کھلا رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مدثر ٹیپو نے مزید کہا کہ آزاد تجارتی معاہدے پر بات چیت جاری ہے اور اس سلسلے میں وزارت تجارت اور ایف بی آر سے رابطہ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ایرانی سفیر سے درخواست کی کہ مختلف اشیاءپر تجارتی ڈیوٹیز کم کی جائیں ۔ ایران کے سفیر برائے پاکستان ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تجارت کے بڑے مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صدر ایران کے حالیہ دورے اور وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام شعبوں پر مشتمل ایک تجارتی وفد ایران کا دورہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ بہتر تجارتی نظام اور بینکنگ چینلز نہ ہونے کی وجہ سے ایرانی سفارتخانہ کرنسی کے مسائل کے حل کیلئے مکمل تعاون فراہم کریگا۔ انہوں نے بتایا کہ ایران نے پاکستانی ٹرکوں کو آزادانہ نقل و حرکت کی اجازت دے دی ہے لیکن پاکستان نے ابھی تک ایرانی ٹرکوں کو اجازت نہیں دی۔ انہوں نے تجویز دی کہ چاہ بہار بندرگاہ کا دورہ بھی سرمایہ کاری کیلئے کیا جانا چاہیے۔ آخر میںمہران موحد فر، ڈاکٹر رضا امیری مقدم اور مدثر ٹیپو کے علاوہ ڈاکٹر امیر حسین اور مراد نعمتی کا بھی شکریہ ادا کیا گیا جنہوں نے زوم لنک کے ذریعے اس ملاقات میں شرکت کی۔
پاکستان اور ایران کے درمیان دو طرفہ تجارت کے بڑے مواقع موجود ہیں: سفیر

















