ساہیوال (بےورو رپورٹ) بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن ساہیوال کے بورڈ آف گورنرز نے مالی سال 2024-25ءکے بجٹ کے منظوری دیدی جس کے مطابق آمدن کا تخمینہ ایک ارب 66کروڑ 16لاکھ 50ہزار روپے لگایا گیا ہے جبکہ 40کروڑ 81لاکھ80ہزار روپے اوپننگ بیلنس ہو گا اس طرح کل آمدنی 2ارب 6کروڑ98لاکھ83ہزار ہو گی جبکہ ایک ارب 82 کروڑ 21 لاکھ 73 ہزار روپے کے اخراجات آئیں گے۔ بورڈ کا اجلاس کمشنر آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین بورڈ /کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، سیکرٹری بورڈ شیر باز، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر رانا نوید عظمت اور بورڈ ممبران نے شرکت کی۔ کمشنر شعیب اقبال سید نے ہدایت کی کہ کفایت شعاری اپنا کرمختلف مدوں میں اخراجات کو مزید کم کیاجائے جس پر آڈٹ آفیسر مختار احمد نے بتایا کہ پچھلے سال کے مقابلے میں مہنگائی کے باوجود اس سال 32کروڑ30لاکھ روپے کم اخراجات آئیں گے جو ایک ریکارڈ ہے جبکہ آمدنی میں 21کروڑروپے کا اضافہ ہو گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر نے مختلف سروسز کو آﺅٹ سروس کرنے اور نئی تعمیر ہونے والی بورڈ عمارت کیلئے سولر سسٹم خریدنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلا س میں بجٹ تیاری میں شریک تمام افسران اور ملازمین کے لئے ایک بنیادی تنخواہ بطور بونس دینے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ بورڈ کی طرف سے اس سال 2023-24ءبینک اکاﺅنٹس پر 30کروڑ 72لاکھ روپے سے زائد منافع کی توقع ہے جبکہ اگلے سال کیلئے 42کروڑ سے زائد منافع حاصل ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے ماڈل بازار کے فرنٹ سے تمام تجاوزات ختم کرنے کی ہدایت کر دی، یہ ہدایت صارفین کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے دی گئی جو تجاوزات کی وجہ سے خریداری میں مشکلات کا شکار تھے۔ وہ یہاں اپنے دفترمیں پسپ پروگرام کے جائزہ اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن شفیق احمد ڈوگر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر سیف اللہ، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز عقیل اشفاق اور چیف آفیسر اشفاق احمد کے علاوہ متعلقہ محکموں کے افسران نے شر کت کی۔ کمشنر نے پسپ حکام کو ہدایت کی کہ وہ عید الاضحی کے پیش نظر شہر میں سیوریج پائپ ڈالنے کا کام روک دیں اور کھودی گئی سڑکوں کی مرمت پر توجہ دیں تاکہ عید سے قبل تمام سڑکوں کو بحال کیا جاسکے۔ انہوں نے چیف آفیسر کو بھی ہدایت کی کہ شہر کے کوڑے کرکٹ کو اٹھانے کے لئے ٹرانسفر سٹیشنز کی جگہوں کا تعین جلد کیا جائے۔
بی آئی ایس ای بورڈ آف گورنرز اجلاس، کفایت شعاری اپنا کرمختلف مدوں میں اخراجات کو مزید کم کیاجائے : کمشنر ساہیوال

















