کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی ،محکمہ داخلہ پنجاب میں کنٹرول روم قائم
لاہور (کرائم رپورٹر) عید الاضحی کی آمد سے قبل محکمہ داخلہ پنجاب نے سول سیکرٹریٹ میں کنٹرول روم قائم کر دیا۔ کنٹرول روم 24 گھنٹے پنجاب بھر سے رپورٹس مرتب کریگا۔ کنٹرول روم امن و امان کا قیام اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے گا۔ سینئر افسران کی قیادت میں عید کی چھٹیوں میں کام جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے عید الاضحی کی آمد سے قبل اہم احکامات جاری کیے اور مانیٹرنگ کیلئے سینٹرل کنٹرول روم قائم کر دیا گیا۔ احکامات کے مطابق کسی کالعدم تنظیم کو قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ صرف چیریٹی کمیشن کیساتھ رجسٹرڈ ادارے قربانی کی کھالیں وصول کر سکیں گے۔ ترجمان نے بتایا کہ عوامی مقامات پر سری پائے جلانے پر دفعہ 144 کا نفاذ ہو گا۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ عید کی چھٹیوں میں دریاں، ندی نالوں اور ڈیمز میں نہانے اور کشتی رانی کی اجازت نہیں ہوگی۔ حکومتی پالیسی ہے مطابق جانوروں کے فضلے اور اوجھڑی کو مین ہول یا نہر میں پھینکنے پر بھی دفعہ 144 نافذ ہوگی۔ ترجمان نے بتایا کہ انسانی جانوں کی حفاظت کیلئے گلی محلوں میں عارضی نصب ہونے والے اور گردشی مکینیکل جھولوں پر پابندی لگائی گئی ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ مختلف پارکس میں پہلے سے نصب شدہ ایسے جھولے جہاں قانون کے مطابق فٹنس سرٹیفیکیٹ حاصل کئے گئے ہیں اور تمام سکیورٹی پروٹوکولز پر عمل کیا جا رہا ہے ان پر پابندی نہیں لگائی گئی۔ عید کے دنوں میں گلی محلوں میں عارضی نصب ہونے والے اور پھیری والے جھولوں پر پابندی ہو گی۔ ایسے جھولے سکیورٹی پروٹوکولز کے مطابق نہیں ہوتے اور اوور لوڈنگ جیسی غلطی سے قیمتی انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالا جاتا ہے اسلئے پابندی لگائی گئی۔ محکمہ داخلہ نے صوبہ بھر میں پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب بھر میں کوئی غیر قانونی مویشی منڈی قائم نہ ہونے دی جائے اور عید کے تمام اجتماعات کیلئے بھرپور سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں۔

















