پائیدار معاشی ترقی کیلئے نیشنل انڈسٹریل پالیسی انتہائی ضروری ہے: صدر لاہور چیمبر

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میںنیشنل انڈسٹریل پالیسی کی تشکیل کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور کی زیر صدارت ہونے والے سیشن میں سابق سیکرٹری فنانس، حامد یعقوب شیخ، ٹیم لیڈ اور عثمان خان، کنسلٹنٹ آر ای ایم آئی ٹی بھی شریک تھے۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ موجودہ پالیسیاں ٹیکس نیٹ میں آنیوالوں کیلئے بنائی گئی ہیں۔ انہوں نے حکومت پرزور دیا کہ ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور صنعتی شعبے کو سپورٹ کرنے کیلئے پالیسیاں بنائی جائیں۔ انہوں نے ذکر کیا کہ ایس آر او 1842، ایس آر او 350 اور انکم ٹیکس ترمیمی ایکٹ 2024ءکاروباری ماحول کو مزید مشکل بنا رہے ہیں۔انہوں نے پٹیشنر اسیسمنٹ کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسیسنگ آفیسر کی طرف سے کی گئی اسیسمنٹ دو کروڑ روپے سے زیادہ ہوتی ہے تو درخواست گزار کو ٹریبونل جانا پڑتا ہے۔ اگر ٹربیونل بھی درخواست گزار کے خلاف فیصلہ دیتا ہے، تو اگلا فورم ہائیکورٹ ہے، اور 2 کروڑ روپے سے کم کے تخمینہ کیلئے اگلا فورم کمشنر اپیل اور پھر ہائی کورٹ ہے۔ہائی کورٹ میں، اسٹے حاصل کرنے کیلئے درخواست گزار کو اسٹے کی درخواست کیلئے تخمینہ شدہ رقم کا 30 فیصد جمع کرنا پڑتا ہے جس سے ٹیکس دہندگان کیلئے کیش فلو کے مسائل اور دیگر مشکلات پیدا ہوں گی۔انہوں نے بتایا کہ ایس آر او350 کے مطابق اگر پچھلا سپلائر اپنا سیلز ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرائے گا تو ان پٹ ٹیکس کلیم کرنے کیلئے بعد میں سیلز ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ 25-26 فیصد پر مشینری کی درآمد لاگت میں اضافہ کرتی ہے اور دیگر ذمہ داریاں جیسے ای او آئی بی، ایل ڈی اے اور صنعتوں کو ہائی ویز استعمال کرنے کیلئے کی جانے والی ادائیگیاں مزید بوجھ کا باعث ہیں۔ انہوں نے صنعتی شعبے کو موثر طریقے سے سپورٹ کرنے کیلئے ان پالیسیوں کی مکمل جانچ پڑتال کی ضرورت پر زور دیا۔ ریمیٹ کے کنسلٹنٹ عثمان خان نے پاکستان کے معاشی مسائل سے نمٹنے کیلئے پریزنٹیشن دی۔انہوں نے صنعتی ترقی کیلئے عوامل کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے برآمدات میں کمی، نئی ممکنہ برآمدی مصنوعات کی نشاندہی، اوربرآمدی صلاحیت پر تبادلہ خیال کیا، جبکہ ترقی کی صلاحیت کے حامل شعبوں کی نشاندہی کی۔انہوں نے صنعتی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے والے کئی مسائل کا خاکہ پیش کیا، جن میں غیر مستحکم معاشی حالات، سیاسی عدم استحکام، شرح مبادلہ کی تبدیلی شامل ہیں۔ انہوں نے حد سے زیادہ ریگولیٹڈ معیشت اور کارٹیلائزیشن کی وجہ سے رکاوٹ بننے والی مسابقت، کارپوریٹائزیشن کی کمی اور پالیسی میں عدم مطابقت کا بھی ذکر کیا جسے لاہور چیمبر کے صدر نے اپنے ابتدائی ریمارکس میں بھی اجاگر کیا۔صنعتی پالیسی کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے، انہوں نے امریکہ، یورپی یونین، برطانیہ، جاپان، اور ہندوستان کی مثالوں کا ذکر کیا۔ یہ تمام ممالک انڈسٹریل پالیسی کو نافذ کر رہے ہیں۔ انہوں نے عصری چیلنجوں اور مواقع جیسے کہ امریکہ،چین تجارتی جنگ، یورپی یونین کی گرین ڈیل، موسمیاتی تبدیلی اور تباہی سے نمٹنے کے مواقع، اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کیلئے سرمایہ کاری اور برآمدات کی ضرورت پر تبادلہ خیال کیا۔کئی اہم سوالات پر بھی غور کیا گیا، جن میں برآمدات کو بڑھانے کیلئے امریکہ اور چین کی تجارتی جنگ سے فائدہ اٹھانا، مقامی تفاوت کو دور کرنا،ترقی پذیر شہروں پر توجہ، بینکنگ سیکٹر میں اصلاحات، مسابقت کو بڑھانا اور اشرافیہ کی گرفت کو کم کرنا، ٹیکنالوجی کی قیادت میں مشترکہ منصوبوں کی تلاش کرنا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی اور بہت پالیسیوں کے نفاز کیلئے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت، ہر چیمبر سے 1-2 نمائندوں کی شرکت اور سٹیک ہولڈرز کو بحث اور پالیسی کو حتمی شکل دینے کیلئے اکٹھا کرنا شامل ہے۔ مشاورتی اجلاس میں ایک مضبوط قومی صنعتی پالیسی کی تشکیل کیلئے باہمی تعاون کی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا گیا جس کا مقصد پائیدار اقتصادی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔