محکمہ اوقاف ڈیرہ غازیخان زون، پتھر بجری کی نیلامی میں لاکھوں کی کرپشن کا انکشاف

لاہور (اپنے نمائندے سے) محکمہ اوقاف ڈیرہ غازیخان زون میں پتھر بجری کی نیلامی میں لاکھوں روپے کی مبینہ کرپشن کا انکشاف، گزشتہ سال کی نسبت 3 لاکھ اضافہ ظاہر کرکے نیلامی کردی گئی، شعبہ سٹیٹ کی اعلیٰ انتظامیہ نے اپنے بنائے گئے قانون کو نظرانداز کردیا، نیلامی میں مبینہ طور پر 50 لاکھ کی کرپشن پر انتظامیہ کی پراسرار خاموشی۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ اوقاف پنجاب و مذہبی امور کے شعبہ سٹیٹ کی ملی بھگت سے ڈیرہ غازی خان زون میں پتھر بجری کی نیلامی ہوئی۔ ذرائع کے مطابق ہیڈ آفس نے اس نیلامی کی نگرانی کیلئے شعبہ پنشن کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر قاضی اظہر امین کی ڈیوٹی لگائی گئی جسکا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا اور یہ لیٹر متعلقہ آفیسر نے قاضی اظہر امین کو دیدیا۔ ذرائع کے مطابق قاضی اظہر امین اپنی ڈیوٹی سرانجام دینے کیلئے ڈیرہ غازیخان روانہ ہوگئے۔ جب قاضی اظہر امین لاہور بس ٹرمینل پر پہنچے تو ڈیرہ غازیخان زون انتظامیہ کی طرف سے قاضی اظہر امین کو فون آتا ہے کہ ہم نے آپکی ڈیوٹی تبدیل کروا دی ہے۔ اسی اثناءمیں ہیڈ آفس سے بھی قاضی اظہر امین کو فون آجاتا ہے کہ آپکی ڈیوٹی ڈائریکٹر سٹیٹ نے تبدیل کردی ہے، آکی جگہ آڈٹ آفیسربہاولپور ندیم مہدی کو لگا دیا گیا ہے۔ واضح رہے یہ آڈٹ آفیسر خود ڈیرہ غازیخان زون میں منیجر رہ چکا ہے اور لاکھوں روپے کرپشن کے الزام میں معطل بھی رہا ہے ،وہ کام شائد قاضی اظہر امین نہ کرتا جو آڈٹ آفیسر نے کرنا تھا۔ ذرائع کے مطابق پتھر بجری کی نیلامی گزشتہ سال سے 10فیصد کم پر ہوئی ہے، شعبہ سٹیٹ کے اپنے بنائے گئے قانون کے مطابق شرائط نیلام کے تحت اگر کوئی بھی نیلامی گزشتہ سال سے 10فیصد کم پر ہو تو نیلامی کینسل اور نیلام کمیٹی کیخلاف تادیبی کاروائی عمل میں لائی جائیگی جبکہ گزشتہ روز ڈیرہ غازیخان زون میں انتظامیہ کی ملی بھگت سے پتھر بجری کا ٹھیکہ گزشتہ سال کی رقم 2کروڑ 7لاکھ کے مقابلے میں 2 کروڑ 10 لاکھ روپے میں نیلام کردیا گیا۔ سوال یہ ہے کہ کیا ڈائریکٹر سٹیٹ اپنے بنائے گئے قانون پر عمل کریگا؟ کیا نیلام کمیٹی کے خلاف کارروائی ہوگی جو کہ بہت مشکل نظر آتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اگر صحیح معنی میں نیلامی ہوتی تو یہ 3 کروڑ تک جاسکتی تھی لیکن ”چمک“ کے عوض سب خاموش ہیں، اس سلسلے میں ترجمان اوقاف سے موقف لینے کیلئے رابطہ نہ ہو سکا۔