پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ گردوارہ کرتارپور نااہلی، مقامی انتظامیہ کی طرف سے ایک مرتبہ پھر قبل از وقت گولک کشائی ، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن بھی شریک

لاہور (علی جنید) پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ گردوارہ کرتارپور صاحب میں انتظامی کی نااہلی کے باعث مقامی انتظامیہ کی جانب سے پی ایس جی پی سی کی عدم موجودگی میں 60 روز قبل ہی نصب شب کو تمام گولک خودساختہ طور پر کھول لئے گئے تھے جن میں موجود قریباً 4 کروڑ روپے کی ملکی و غیرملکی کرنسی تاحال بینک میں جمع ہی نہیں کروائی گئی جبکہ دوسری جانب ایک مرتبہ پھر گزشتہ روز مقامی انتظامیہ نے گولک کمیٹی کے ایک ممبر کے ساتھ ملکر دوبارہ گولک کھول لئے ہیں۔ حیرت انگیز امر یہ ہے کہ 3 روز قبل بھارت سے آئے 846 یاتریوں کو چھوڑ کر ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن سیف کھوکھر بھی کرتار پور کولگ کھلوانے پہنچ گئے جبکہ یہ انکی داریوں میں شامل بھی نہیں ہے، اس پر موقف کیلئے چیف ایگزیکٹو آفیسر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ ابوبکر سے بات کرنے کوشش کی گئی لیکن انہوں نے کال اٹینڈ نہیں کی۔ ذرائع مشرق کی تحقیقات کے مطابق 10 اپریل کو کرتارپور صاحب کی لوکل انتظامیہ جن میں ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن سیف کھوکھر ، گرنتھی گوبند سنگھ ، اور گرنتھی کے بھائی و سابق ممبر اندر جیت سنگھ نے گردوارہ صاحب کے تمام گولک رات کی تاریکی میں کھول کر اس میں سے تمام کرنسی نکال لی تھی جن میں ایک کروڑ بھارتی ، 65 لاکھ پاکستانی ، 12 ہزار امریکی ڈالر ، و دیگر ممالک کی کچھ کرنسی شامل تھی یاد رہے کہ مقامی انتظامیہ نے 25 لاکھ بھارتی روپے نامعلوم وجوہات کی بناءپر خود رکھ لئے تھے۔ مذکورہ تمام معاملات میں گولک کمیٹی کا کوئی ممبر شامل نہیں تھا تو سوال یہ ہے کہ تمام گولکوں کی چابیاں ان افراد تک کیسے آئیں تھی ، اور 2 ماہ گزر جانے کے باوجود آج تک کی تاریخ میں وہ رقم متعلقہ بنک حبیب بینک لمیٹڈ سول لائن میں جمع ہی نہیں ہوئی ہے جبکہ ایک بار پھر گزشتہ روز دوپہر کو مہیش سنگھ ، گرنتھی گوبند سنگھ اور ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن کرتارپور صاحب سیف کھوکھر نے کالج کھول لئے ہیں جبکہ سیف کھوکھر کے پاس ایڈیشنل سیکرٹری شرائن کا اضافی چارج بھی ہے اور 8 جون کو بھارت سے 846 بھارتی یاتری شہیدی میلے کے سلسلہ میں پاکستان آئے ہیں تو سیف کھوکھر انکو واہگہ پر الوداع کہہ کر گولک کھولنے کرتار پور صاحب پہنچ گئے تھے اور گردوارہ کے تمام خدمتگاروں کو تمام رات وہاں پر رکھا گیا لیکن رات کو گولک نہ کھولا گیا اور گزشتہ روز دوپہر کو گردوارہ صاحب کے تمام گولک کھول لئے گئے ۔ یہاں یہ امر نہایت قابل ذکر ہے کہ گردوارہ کرتارپور صاحب سے قریباً سوا سال پہلے پالکی صاحب سے کروڑوں مالیت کا سونا بھی چوری ہوگیا تھا جس بارے میں کیوں خاموشی چھائی ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس پر تحقیقات کروائی جائیں۔