پنجابی صوفیاءکی زبان، ہمیں اپنے بچوں کو سکھانی چاہئے: مدثر اقبال بٹ،صحافیوں، ادیبوں ، ایڈیٹرز کے پلیٹ فارم ”پہچان“ کے اعزاز میں عشائیہ

لاہور (شوبز رپورٹر) صحافیوں، ادیبوں اور ایڈیٹرز کے پلیٹ فارم ”پہچان“ کے اعزاز میں پنجابی میڈیا گروپ کے چیئرمین مدثر اقبال بٹ کی طرف سے گزشتہ روز پرتکلف عشائیہ دیا گیا جس میں ظہور احمد وٹو (چیئرمین ٹی وی ٹو ڈے )، عامر ہاشم خاکوانی ( میگزین ایڈیٹر روزنامہ 92)، شاہد نذیر چودھری (ملٹی میڈیا ہیڈ اردو پوائنٹ)، عبدالمجید ساجد (سینئر صحافی روزنامہ جنگ)، عرفان اطہر (چیئرمین جرات میڈیا گروپ)، ڈاکٹر رانا تنویر قاسم ( ڈائریکٹر ہائر ایجوکیشن)، امجد اقبال (ایڈیٹر روزنامہ جناح)، خالد ارشاد صوفی ( کالم نگار روزنامہ پاکستان)، قیصر شریف (سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان)، حق نواز گھمن ڈائریکٹر ٹی وی ٹوڈے)، ضیاءالحق نقشبندی ( کالم نگار روزنامہ جنگ)، راو شاہد ( پروڈیوسر ایک نیوز)، احمد ابوبکر (تجزیہ کار و پروڈیوسر ٹیلن نیوز)، فیصل عباسی ( اینکر 92 نیوز ) اور ذبیح اللہ بلگن ایڈیٹر روزنامہ پوسٹ مارٹم شریک ہوئے۔ عشائیہ تقریب کے موقع پر ”پہچان“ کے اراکین نے پنجاب ہاوس کا دورہ کیا اور پنجابی زبان کیلئے مدثر اقبال بٹ کی کاوشوں کو سراہا۔ ”پہچان“ اراکین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماں بولی زبان کے تحفظ اور فروغ کیلئے مدثر اقبال بٹ کی جدوجہد لائق تحسین ہے۔ ہم اس عظیم اور اہم فریضے میں ”پہچان“ انکے شانہ بشانہ ہیں۔ اس موقع پر چیئرمین پنجابی میڈیا گروپ مدثر اقبال بٹ نے اپنی گفتگو میں کہا کہ مجھے ”پہچان“ کے دوستوں کو پنجاب ہاوس میں دیکھ کر بہت خوشی ہورہی ہے۔ میری خواہش ہے کہ ہم سب ملکر پنجابی زبان کے تحفظ کیلئے کوشش کریں۔ انہوں نے کہا ہمیں اپنے بچوں کو پنجابی زبان سکھانی چاہئے کیونکہ یہ صوفیاءکی زبان ہے اور اسی زبان کے ذریعے اس خطے میں اسلام کا فروغ ہوا۔ بعدازاں چیئرمین پنجابی میڈیا گروپ مدثر اقبال بٹ نے مہمانوں کو پنجابی کتب کے تحائف پیش کئے اور انکی آمد پر شکریہ ادا کیا۔