عوامی منصوبوں کی بروقت تکمیل، اعلیٰ معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں ہوگا: سپیکر پنجاب اسمبلی
قصور (بیورو رپورٹ) قائمقام گورنر پنجاب ملک محمد احمد خاں کے زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس گزشتہ روز سرکٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں کنوینئر ڈی سی سی و رکن صوبائی اسمبلی رانا محمد اقبال خاں ، اراکین قومی اسمبلی ملک رشید احمد خاں ، رانا حیات خاں ، اراکین صوبائی اسمبلی ملک احمد سعید خاں ، چوہدری الیاس گجر ، چوہدری محمود انور ، وسیم اختر شیخ ، ڈپٹی کمشنر قصور محمد ارشد بھٹی ، ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریونیو رانا موسیٰ طاہر ، تمام اسسٹنٹ کمشنرز سمیت تمام ضلعی افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پولیس کی طرف سے ضلع میں امن وامان کے قیام ، چوری وڈکیتی پر قابو پانے کیلئے کئے گئے اقدامات ، ایجو کیشن ، ہیلتھ ، ایری گیشن ، ریونیو ،واپڈا، ڈویلپمنٹ ،پرائس کنٹرول اور ضلع میں جاری وآئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں اور وزیر اعلی پنجاب کے گورننس کی بہتری کے حوالے سے دیئے گئے خصوصی ویژن پر عملدرآمد کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔ اس موقع پر قائمقام گورنر ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے یہ فورم عوام کے مسائل متعلقہ محکموں تک لانے اور انہیں عوامی امنگوں کے مطابق حل کرنے کیلئے تشکیل دیا ہے۔ ضلعی، صوبائی اوروفاقی محکمے سیوریج و صفائی،صحت و تعلیم،امن و امان،تعمیر و ترقی،زراعت، ایری گیشن ، واپڈا سمیت دیگر محکمے ملکی ترقی و عوامی خوشحالی میں مربوط کوآرڈینیشن کے ذریعے بھرپور محنت کریں تا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور بہتر سہولیات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔حکومت کی بہترین گورننس کی وجہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے اور مہنگائی میں کمی کے ثمرات عوام الناس تک پہنچانے کیلئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس مزید متحرک ہو کر کام کریں ۔ کنوینئر کمیٹی رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ عوامی منصوبوں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار پر ہرگز سمجھوتا نہیں کیا جائیگا۔ ضلع میں جاری ترقیاتی سکیموں کو تیز رفتاری کیساتھ مکمل کیا جائے اور اس کے تعمیراتی عمل میں کوالٹی آف ورک پر خصوصی توجہ دی جائے ۔متعلقہ محکموں کے افسران خود فیلڈ وزٹ کر کے کام کی کوالٹی کو چیک کریں ۔ ترقیاتی منصوبوں میں کوالٹی پر کسی بھی قسم کی کوئی غفلت برداشت نہیں کی جائیگی ۔

















