لاہور (اپنے رپورٹر سے) پنجاب حکومت نے کسانوں کو معیاری زرعی ادویات کی کنٹرول ریٹ پر فراہمی کیلئے ہر تحصیل میں سہولت سینٹرز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے،تمام تحصیلوں میں کسان سہولت سینٹر 15 جون سے فعال کر دیئے جائیں گے۔چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس سول سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا جس میں کپاس کی کاشت کے اہداف، خسرہ کی صورتحال اور ستھرا پنجاب پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ بہاولپور، ملتان اور ڈی جی خان کے ڈویژنل کمشنرز کپاس کی فصل کی مکمل مانیٹرنگ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اگلے دو ماہ یوریا کھاد کی قیمتوں، طلب اور رسد پر کڑی نظر رکھیں اورکھاد ڈیلروں سے سٹاک اور سیل کا ڈیٹا روزانہ کی بنیاد پر طلب کریں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں کی بہتری حکومت کی ترجیح ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صحت کے شعبے کو ڈپٹی کمشنرز کی کارکردگی کی جانچ کے اشاریوں میں شامل کیا گیا ہے۔انہوں نے حکم دیا کہ عید سے قبل مویشیوں کے غیر قانونی سیل پوائنٹس کے خلاف کریک ڈاﺅن کیا جائے اور چیکنگ کیلئے خصوصی سکواڈ تشکیل دیئے جائیں۔ محکمہ زراعت اور صحت کے سیکرٹریز نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری زراعت نے بتایا کہ صوبے میں 40 لاکھ ایکڑ پر کپاس کی کاشت کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ 32 لاکھ ایکڑ پر کپاس کاشت کی جا چکی ہے۔سیکرٹری صحت نے کہا کہ خسرہ کی روک تھام کیلئے محکمہ صحت نے تمام اضلاع کو ہدایات جاری کر دی ہیں،رواں سال صوبہ میں خسرہ کے 3210 کنفرم کیسز اور 22 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ خسرہ کے309 مریض بچے ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں 19 میڈیکل کیمپس قائم اور کلینک آن ویلز کو متحرک کیا گیا ہے۔ سیکرٹری بلدیات، تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
ڈپٹی کمشنرز یوریا کی قیمتوں اور سٹاک پر کڑی نظر رکھیں: چیف سیکرٹری پنجاب

















